26 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومعلاقائی خبریںانسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پشاور میں لڑکیوں کے...

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پشاور میں لڑکیوں کے تعلیمی سمٹ کا انعقاد

- Advertisement -

پشاور۔ 12 دسمبر (اے پی پی):خیبر پختون خوامیں لڑکیوں کی تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیم بلیو وینز کی جانب سے، انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر قومی کمیشن برائے انسانی حقوق، پاکستان ایجوکیشن چیمپینز نیٹ ورک، صوبائی کمیشن برائے اطفال، صوبائی کمیشن برائے وقار نسواں، رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن اور ڈائریکٹوریٹ جنرل برائےانسانی حقوق کے اشتراک سے ‘گرلز سمٹ’ کا انعقاد کیا گیا۔بچیوں کےسمٹ کا مقصد خیبر پختونخوا میں لڑکیوں کی ثانوی تعلیم کی صورتحال اور اس میں بہتری لانے کے لئے ضروری اقدامات پر روشنی ڈالنا تھا۔ مختلف اسکولوں کی طالبات نے ڈراموں اور گفتگو کے ذریعے جنسی وصنفی امتیاز، بچپن کی شادیوں سمیت متعدد مسائل کو اجاگر کیا اور اس حوالے سے لڑکیوں کی تعلیم کو بہتر بنانے کے حوالے سے وسائل کی فراہمی کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔

اس اہم ایونٹ میں حکومتی محکمہ جات، وکلا، اقوام متحدہ کی ایجنسیاں، سول سوسائٹی کی تنظیمیں، تعلیمی ادارے، طلباء، کاروباری برادری اور دیگر شرکاء شامل تھے۔لڑکیوں کےتعلیمی سمٹ کے نمایاں مقررین میں ابتدائی، ثانوی اور اعلیٰ تعلیم کے وزیر، نوجوانوں کے امور کے ایڈیشنل سیکرٹری، سماجی بہبود کے محکمے کے ایڈیشنل سیکرٹری، محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم کے سینئر پلاننگ افیسر، رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر، محکمہ انسانی حقوق کےڈائریکٹر اور صوبائی کمیشن برائے اطفال کے سربراہ شامل تھے۔

- Advertisement -

ابتدائی و ثانوی تعلیم کے نگران وزیر ڈاکٹر قاسم جان نے اس موقع پر کہا کہ لڑکیوں کو تعلیم دینا نہ صرف ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے بلکہ یہ صوبائی اور قومی ترجیح کے طور پر بھی شامل ہے، لڑکیوں کو تعلیم دیے بغیر کسی بھی معاشرے میں صنفی توازن قائم کرنا اور حقوق پر مبنی معاشرہ تشکیل دینا ممکن نہیں۔قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کےصوبائی کوآرڈینیٹر محمد رضوان نے لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اس سے جڑے ہوئے تمام بنیادی وسائل اور ضروریات کو بہتر بنانا اور میسر کرنا بھی نہایت ضروری ہے عورتوں کی معاشرے میں برابری کی بنیاد پر شرکت کو یقینی بنانے کے لیے تعلیم ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

محکمہ سماجی بہبود کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد فاروق نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم سمیت عورتوں کے تمام مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے معاشرے کی سوچ میں مثبت تبدیلی لانا نہایت ضروری ہے اور یہ کسی ایک محکمہ کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ بلیو وینز کے پروگرام مینجر قمر نسیم نے اس موقع پر کہا کہ خیبر پختونخوا کی 29 ملین لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں جو نہایت تشویش کا باعث ہےلڑکیوں کے تعلیمی سمٹ منعقد کرنے کا مقصد صرف تعلیم کے حوالے سے مسائل پر گفتگو کرنا نہیں بلکہ اس حوالے سے حل تلاش کیا جانا نہایت ضروری ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419157

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں