اوکاڑہ۔ 26 جون (اے پی پی):انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر سماجی تنظیم موومنٹ اگینسٹ ڈرگ ابیوز ’ماڈا‘ کے زیر اہتمام آگہی واک کا انعقاد کی گیاواک کی قیادت ایس ڈی پی اومہر محمد یوسف، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشتیاق احمد خان،ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ نے کی۔اس موقع پرایس ڈی پی اومہر محمد یوسف نے کہا کہ انسداد منشیات کے عالمی دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں منشیات کے استعمال کی روک تھام، غیر قانونی تجارت کے خاتمہ اور اس کی تباہ کاریوں کے سلسلہ میں عوام الناس میں شعور و آگہی پیدا کرنا ہے۔
مہر محمد یوسف نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس منشیات کے استعمال کے خطرات کے بارے میں آگہی پیدا کرنے اور منشیات سے پاک معاشرے کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اوکاڑہ پولیس کی طرف سے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ایس ڈی پی او نے مزید کہا کہ والدین اپنے بچو ں پر نظر رکھنے کے ساتھ ان کے دو ستوں پربھی نظر رکھیں۔صدر ’ماڈا‘ محمد مظہررشید چودھری نے کہا کہ پاکستان میں ایک کروڑ،20لاکھ سے زائد افراد مختلف نشوں میں مبتلا ہیں۔ صوبہ پنجاب کے 55 فیصد اور دیگر صوبوں کے 45 فیصد افرادمختلف قسم کے نشوں کے عادی ہیں۔
مظہر رشید نے کہا کہ دنیا کی تقریباً سات ارب آبادی میں سے ساڑھے چار ارب افراد کی عمریں 15 سے 64 سال کے درمیان ہیں جن میں نشے کے عادی افراد کی شرح سات فیصد ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ دنیا بھر میں چرس، افیون، ہیروئن، بھنگ اورحشیش سمیت منشیات کی دودرجن سے زائد اقسام ہیں اور دنیا میں 62 فیصد لوگ چرس، بھنگ اور حشیش کے عادی ہیں۔واک میں مینجر صنعت زار محکمہ سوشل ویلفیئر محمدعارف ، ایس ایچ او اے ڈویژن اعجاز احمد بھٹی ، پادری عوبید کرامت ، موٹیویشنل اسپیکر محمد عثمان ہادی، ممبران ’ماڈا‘ ، طلبا وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=371342