انسداد پولیو مہم میں حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے،پاکستان پولیو پروگرام

122

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):پاکستان پولیو پروگرام کےسینئر میڈیا منیجرذوالفقار علی باباخیل نے کہا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے ،انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جس سے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وائرس سے بچے عمر بھر کے لیے معذور ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ کچھ کیسز میں بچوں کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 5 سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو اس موذی مرض سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان اور افغانستان وہ واحد ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو اب بھی بچوں کے لیے خطرہ ہے۔