حیدرآباد۔ 26 ستمبر (اے پی پی):کمشنر حیدرآباد ڈویژن سید خالد حیدر شاہ نےکہا ہے کہ انسداد پولیومہم کو سوفیصد کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےدیں، ٹاسک فورس کے مطابق اکتوبر میں اگلی پولیو مہم کے دوران 5سال سے کم عمر کے 2.38ملین بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے،
کمشنر نے اجلاس کے دوران تمام 9اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ویڈیو لنک کے ذریعے ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کو سوفیصد کامیاب یقینی بنائیں تاکہ پانچ سال سے کم عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو کے مرض میں مبتلا نہ ہو، انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع انکاری کیسز کو ایک چیلنج کے طور پر لیں اور والدین کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل کیلئے پولیو کے قطرے پلائیں،
انہوں نے محکمہ صحت کے حکام پر زور دیا کہ وہ ٹیموں کو پولیو مہم کے دوران آنکھوں میں انفیکشن سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تربیت دیں تاکہ یہ انفیکشن ہیلتھ ورکرز سے بچوں میں منتقل نہ ہو ۔