انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز میں ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس بدھ کو ہوگی

68
Institute of Strategic Studies

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد میں”ابھرتے ہوئے جیو پولیٹیکل لینڈ اسکیپ میں پاکستان“ کے موضوع پر ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس بدھ کو ہوگی۔ انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس کا اہتمام فریڈرک ایبرٹ اسٹفٹنگ (ایف ای ایس) پاکستان آفس کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔ کانفرنس کا ایجنڈا 3 اہم موضوعات پر مرکوز ہوگا، پہلے ورکنگ سیشن کا عنوان ”افغانستان کے بدلتے ہوئے منظرنامے کو کھولنا“ہے۔ اس سیشن میں افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال خاص طور پر پاکستان کی سلامتی اور خارجہ پالیسی پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسرے سیشن کا عنوان ”انحصار سے تنوع تک ،مشرق وسطیٰ کا ارتقائ“ہے جس میں مشرق وسطیٰ کے بدلتے ہوئے ماحول اور پاکستان کی علاقائی شراکت داری اور اقتصادی مفادات پر اس کے اثرات کا تجزیہ کیا جائے گا۔ تیسرے اور آخری سیشن میں ”افغانستان، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے غیر روایتی سلامتی کے خطرات“ سائبر وارفیئر، وبائی امراض اور موسمیاتی تبدیلی جیسے غیر روایتی خطرات سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے موضوعات کا احاطہ کرے گا جس میں اس بات پر زور دیا جائے گا کہ ان خطرات کو کم کرنے کے لیے علاقائی تعاون کی ضرورت ہے۔

بیان کے مطابق کانفرنس میں سکیورٹی خطرات کی بدلتی ہوئی نوعیت اور علاقائی استحکام پر ان کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ معروف بین الاقوامی اور پاکستانی سکالرز، ماہرین تعلیم، پالیسی ساز اور سفارت کارکانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا مقصد ابھرتے ہوئے عالمی ماحول میں پاکستان کو درپیش پیچیدہ چیلنجز اور مواقع کی ایک جامع اور زیادہ باریک بینی کو فروغ دینا ہے۔