اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):انفارمیشن سروس اکیڈمی (آئی ایس اے) کے زیراہتمام سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) 23-2022کے تحت وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ذیلی اداروں کے ملازمین کیلئے استعدادکار میں اضافہ کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پیر کو یہاں بالخصوص ریڈیو پاکستان (پی بی سی) کے افسران کیلئے پراجیکٹ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم (پی ایم ای ایس) کے بارے میں ایک روزہ ورکشاپ اور ”آئی ٹی، ڈیجیٹل میڈیا اور ماس کمیونیکیشن” میں ایک ہفتہ کے تربیتی کورس کا انعقاد کیا گیا۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات میڈیا مینجمنٹ اور ڈیجیٹل و سوشل میڈیا اور تشہیر کیلئے آئی ٹی کے استعمال سمیت میڈیا سے متعلق شعبوں میں اپنے افسران کی استعدادکار میں اضافہ کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات ترقیاتی منصوبوں کی تیاری اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے افسران میں بنیادی سوجھ بوجھ پیدا کرنے کی بھی خواہاں ہے۔
انہوں نے انفارمیشن سروس اکیڈمی کے زیراہتمام پی ایس ڈی پی 2022-23 منصوبہ کے تحت استعدادکار میں اضافہ کے پروگرام کے اجراء کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے آئی ایس اے کے اشتراک سے ایک روزہ پی ایم ای ایس ورکشاپ کے انعقاد کیلئے پراجیکٹس ونگ، وزارت منصوبہ بندی و ترقی و خصوصی اقدامات بالخصوص ڈی جی (ایم آئی ایس) عمران لیاقت بیگ کو سراہا۔ قبل ازیں ڈی ایس (سی اینڈ ڈی) وزارت اطلاعات و نشریات محمد عثمان ڈار نے خصوصی ورکشاپ کے مقاصد پر روشنی ڈالی جس کے بعد وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے ماہر خضر حیات صابری نے ترقیاتی منصوبوں کے مختلف پہلوؤں، ان کی نگرانی اور ان کی جانچ پڑتال کے طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
عمران لیاقت بیگ اور خضر حیات صابری نے وزارت اطلاعات و نشریات کے مختلف محکموں کے تقریباً 30 شرکاء کے سوالات کے جواب بھی دیئے۔ سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے ایک روزہ ورکشاپ کے شرکاء میں سووینئر اور اسناد بھی تقسیم کیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے سینئر افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔