انفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ

108
تیل اور گیس کے شعبہ جات میں تین ماہ کے دوران 65ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ،سرمایہ کاری بورڈ

اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہواہے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2018ءسے لیکر فروری 2019ءکے اختتام تک پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 136.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال میں پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 112.9 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیاتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ چند برسوںمیں انفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہواہے۔ مالی سال 2016-17ءمیں پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 48.1 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا۔ مالی سال 2015.16ءمیں اس شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 343.9 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیاتھا۔