اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ انقلابی پارٹی انقلاب نہیں اقتدار چاہتی ہے اور جلسے، جلوس، دھرنوں، لانگ مارچ کی کال بلیک میلنگ اور بانی پی ٹی آئی کو این آر او دلانے کیلئے دیتی ہے لیکن بانی پی ٹی آئی کی کال پر آج پھر کوئی باہر نہیں نکلا، 190 ملین پائونڈ کیس کا فیصلہ جوں جوں قریب آ رہا ہے ان کے اوسان خطا ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو میڈیا گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے 30 اگست کو ایک مرتبہ پھر انقلاب لانے کی تاریخ دی گئی تھی ، لوگوں اور کارکنوں کو گھروں، دفاتر ، ہر گلی اور ہر سڑک پر نکلنے کا کہا گیا لیکن ان کی کال پر کوئی نہیں نکلا اور پورے کا پورا انقلاب دھرے کا دھرا رہ گیا، کارکن تو درکنار ایم این اے اور ایم پی اے بھی باہر نہیں نکلے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ انقلابی پارٹی جلسے، جلوس، دھرنے، لانگ مارچ کی کال بلیک میلنگ کیلئے دیتی ہے، ان کا مقصد بانی پی ٹی آئی کو سزائوں سے بچانا، آنے والے فیصلوں سے بچنا اور این آر او طلب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، کبھی جلسے کی تاریخ دیتے ہیں اور کبھی جلوس کی اور بعد میں تاریخ منسوخ یا تبدیل کر دیتے ہیں کیونکہ ان کی کال پر کوئی نہیں نکلتا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پائونڈ کا کیس کھلم کھلا کیس ہے، جوں جوں اس کا فیصلہ قریب آ رہا ہے ،بانی پی ٹی آئی کے اوسان خطا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیس بنی گالہ کی بدترین کرپشن کا کیس ہے جس کا فائدہ ملک کو نہیں بنی گالہ، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی انقلاب نہیں اقتدار چاہتے ہیں اور کے پی کے کی طرز پر اقتدار چاہتے ہیں جہاں وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء کرپشن میں اپنے حصے کیلئے لڑ رہے ہیں، اپنے اپنے حصے اور اپنے اپنے فائدے کی باتیں ہو رہی ہیں، جب سے نیٹ ورک پکڑا گیا ہے تب سے پی ٹی آئی کی پوری کی پوری فیصلہ سازی ختم ہو گئی ہے اور جلسے کی تاریخ بھی طے نہیں ہو پا رہی کیونکہ ان کے فیصلے کوئی اور کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سازش اور انقلاب دو الگ الگ باتیں ہیں اور بانی پی ٹی آئی سازش کر سکتے ہیں انقلاب نہیں لا سکتے، انقلاب وہ لایا کرتے جن کا کردار بے داغ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آپ پر سونامی ٹری، 190 ملین پائونڈ کی کرپشن، سائفر اور فارن فنڈنگ کے کئی داغ ہیں، آپ نے کے پی کے میں ترقیاتی کاموں کے نہیں کرپشن کے ریکارڈ توڑے ہیں اور اب صوبے میں کرپشن کے حصے کا مقابلہ ہے اور جو شکایت کرتا ہے اسے وزارت سے ہٹا دیا جاتا ہے اور جو پیسے بناتا ہے اسے بانی پی ٹی آئی اپنا دوست اور بنی گالہ کا مکین بنا لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقتدار کسی کے کندھوں پر چاہتے ہیں، آج ایک مرتبہ پھر ان کا انقلاب مؤخر ہو گیا ہے، انقلاب باتوں سے نہیں بلکہ خدمت سے آتے ہیں، نعروں اور این آر او کے مطالبہ سے انقلاب نہیں آیا کرتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی یا صوبائی سطح پر قومی مفاد ان کی ترجیح نہیں، ملکی معیشت کی بہتری یا دہشت گردی کے خاتمہ کی جب بھی بات ہوتی ہے تو یہ جماعت اپنا کوئی کردار ادا نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ صرف بانی پی ٹی آئی کو سزائوں سے بچانا اور دوبارہ اقتدار ہے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) طلال چوہدری نے کہا کہ جب تک آپ صوبے کے عوام کے مسائل پر توجہ اور لوگوں کو امن، ترقی اور سہولیات نہیں دیں گے آپ انقلاب نہیں لا سکتے۔