انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن 23، 24 کو اوپن یونیورسٹی میں دوسری سالانہ کانفرنس منعقد کرے گا

67
Inter Boards Coordination Commission
Inter Boards Coordination Commission

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) 23، 24 اکتوبر 2024 کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد میں اپنی دوسری سالانہ کانفرنس منعقد کرنے جا رہا ہے۔ کانفرنس کا موضوع "ایک روشن مستقبل کی تشکیل: امتحانات میں ٹیکنالوجی کا کردار” ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ کس طرح ٹیکنالوجی پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی امتحانات کے نظام کو تبدیل کر سکتی ہے۔ یہ دو روزہ کانفرنس تعلیم دانوں، پالیسی سازوں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کو اکٹھا کرے گی تاکہ وہ امتحانات کے عمل میں ڈیجیٹل ٹولز کے انضمام سے متعلق اہم مسائل پر بات چیت کریں۔ اس ایونٹ کا مقصد جدید حل کو فروغ دینا ہے جو تعلیمی امتحانات میں شفافیت اور کارکردگی کو بڑھا سکیں۔

افتتاحی تقریب کی صدارت وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بطور مہمان خصوصی کریں گے۔کانفرنس کے پہلے دن میں امتحانی نظام میں ٹیکنالوجی کے کردار پر پینل مباحثے ہوں گے جو ڈیجیٹل امتحان کے طریقوں کو اپنانے کے چیلنجز اور حل پر توجہ دیں گے۔

صلاحیت سازی کی ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی تاکہ شرکاء کو ڈیجیٹل حل کے نفاذ اور معیاری امتحانی فریم ورک بنانے کے حوالے سے عملی بصیرت فراہم کی جا سکے۔دوسرے دن مباحثے جاری رہیں گے اور مزید پینل مباحثے اور انٹرایکٹو ورکشاپس ہوں گی جو شرکاء کو تعلیمی میدان میں ٹیکنالوجی کے اثرات کو گہرائی میں جانچنے اور پاکستان کے تعلیمی اداروں میں امتحانی نظام کی جدید کاری کے حوالے سے حکمت عملیوں کی تلاش کا موقع فراہم کریں گی۔

کانفرنس میں قومی اور بین الاقوامی تعلیمی بورڈز اور شراکت دار تنظیموں جیسے کہ ٹی ایم یو سی ، کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن، آکسفورڈ اےکیو اے ، لرننگ ریسورس نیٹ ورک، پیئرسن پاکستان، FTI Consultants، EDUFOCUS، انٹرنیشنل باکالوریٹ، ڈیننگ پاکستان، اور ٹرینیٹی اسکول، لاہور بھی شرکت کریں گے۔ یہ شراکت دار تعلیمی اور امتحانات کے مستقبل کی تشکیل میں قیمتی بصیرت فراہم کریں گے۔آئی بی سی سی کی دوسری سالانہ کانفرنس تعلیمی شعبے کے لئے ایک اہم ایونٹ ہونے جا رہا ہے جو امتحانات کے لئے ایک ٹیکنالوجی پر مبنی مستقبل کی تشکیل پر توجہ مرکوز کرے گا جو طلباء اور اداروں دونوں کے لئے فائدہ مند ہوگا۔