انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاری کے سلسلہ میں تائیکوانڈو کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری

182

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیراہتمام انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاری کے سلسلہ میں تائیکوانڈو کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر)ڈ وسیم احمد جنجوعہ نے گزشتہ روز سرکاری خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تائیکوانڈو کے کھیل میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر تائیکوانڈو کے میدان میں ملک کا نام روشن کر رکھا ہے۔ ایک سوال کےجواب میں کرنل وسیم احمد نے کہا کہ پاکستان روواں برس مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں حصہ لے گا جس کی تیاری کے سلسلہ میں تائیکوانڈو کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں50 کھلاڑی حصہ لے رہےہیں جن میں 35 مرد اور 15 خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کو کوالیفائیڈ غیر ملکی کوچز سمیت پاکستانی مرد اور خواتین کوچ تربیت دے رہے ہیں۔

غیر ملکی کوچز میں یوسف کریمی، ماسٹر سیونگوا چوئی، محمد آصف ، سید صداقت حسین، محمد حنیف اور ناجیہ رسول شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں کوچز کھلاڑیوں کو جدید اور اعلی تربیت دے رہے ہیں اور کھلاڑی بھی کیمپ میں بھرپور محنت کر رہےہیں۔