اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) ڈاکٹر طارق محمود خان نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے انقلاب نے دنیا کو مکمل طور پر تبدیل کرکے رکھ دیا ہے جس کے نتیجے میں گلوبلائزیشن سے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف منتقلی ہوئی ہے، اس ضمن میں سیاسی جماعتوں کو بھی معاشرے کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کرجدید ذرائع کو مثبت انداز میں بروئے کار لانا چاہئے ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ”پاکستانی رائے دہندگان کا بدلتا منظرنامہ اور منصفانہ نمائندگی کو یقینی بنانے میں سیاسی جماعتوں کا کردار” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سیمینار کے شرکاء کی طرف سے انتخابی عمل کو بہتر بنانے اور منصفانہ نمائندگی کے حوالے سے پیش کردہ مختلف تجاویز کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت آئی ٹی پر مبنی بڑی کمپنیوں کا دنیا پر غلبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ سیاسی جماعتیں بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے کی سمجھ بوجھ رکھتی ہیں تاہم بدلتوں ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگی ضروری ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ عوام کی بہتر نمائندگی اور خدمت کے لئے سیاسی جماعتوں کو بدلتی ہوئی دنیا کے مطابق خود کو ڈھالنا چاہئے۔ انہوں نے سیمینار اور مباحثے کے کامیاب انعقاد پر پی آئی ڈی کے منتظمین کی بھی تعریف کی۔ حارث خلیق اور طیبہ نثار نے مباحثے کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) عام انتخابات 2024سے قبل عوام میں ووٹ کی اہمیت، انتخابی نظام اور منتخب نمائندوں کے کردار سمیت انتخابی عمل کے حوالے سے آگاہی مہم کے ذریعے وسیع تر عوامی سوجھ بوجھ کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے تاکہ عوام اپنی قومی ذمہ داری کی خوش اسلوبی سے انجام دہی کے ذریعے ایک مستحکم جمہوری نظام کے فروغ میں اپنی فعال شرکت کو یقینی بنا سکیں۔
اس سلسلے میں سیمینارز کا ایک سلسلہ شروع کیا گیا ہے تاکہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں ووٹروں کی فعال شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان سیمینارز میں مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتوں، الیکشن کمیشن آف پاکستان، میڈیا، دانشوروں ، سول سوسائٹی اور عوامی نمائندوں کو مدعو کیاجا رہاہے۔
یہ سیمینارز شہریوں کو ووٹ ڈالنے کی اہمیت، انتخابی نظام اور منتخب نمائندوں کے کردار سے آگاہ کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیاکریں گے۔ پی آئی ڈی کی جانب سے منعقد ہونے والے سیمینارز عوامی آگاہی کو فروغ دے کر عوام کو فیصلہ سازی کے لئے بااختیار بنانے کی کوشش کریں گے جو بالآخر زیادہ مضبوط اور جوابدہ جمہوری نظام میں حصہ لیں گے۔ اس حوالے سے 11 جنوری کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے مقامی ہوٹل میں پاکستان کے عام انتخابات 2024، سیاسی جماعتوں کا اقتصادی ایجنڈا کے موضوع پر پہلے سیمینار کا اہتمام کیا تھا۔