انڈر 19 ایشیا کپ، پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی، محمد شہزاد کی 82 رنز کی دلکش اننگز، ذیشان ضمیر نے 5 وکٹیں حاصل کیں

71
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ

دبئی۔25دسمبر (اے پی پی):اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ شاہینوں نے 238 رنز کا ہدف آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد شہزاد نے 82 رنز دلکش اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، آخر میں احمد خان نے 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ذیشان ضمیر نے بھارت کے 5 اہم کھلاڑی میدان بدر کئے، اس فتح کے بعد پاکستانی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے میں پہلے نمبر پر آگئی ہے۔

ہفتہ کو آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان قاسم اکرم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ بھارت کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا اور اس کی پہلی4 وکٹیں 41 کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔ انگ کرش رگھوونشی صفر، شائق رشید 6، کپتان یش دھول صفر اور نشانت سندھو 8 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس موقع پر ہرنور سنگھ اور راج باوا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 55 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 96 تک پہنچا دیا۔ ہرنور سنگھ 46 اور راج باوا 25 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہو گئے۔

آرادھیا یادیو نے 50، راج وردھن نے 33 اور کوشال تامبی نے 32 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا۔ اس طرح بھارت کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 237 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ ذیشان ضمیر نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اویس علی نے دو جبکہ قاسم اکرم اور معاذ صداقت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان انڈر 19 نے مطلوبہ ہدف محمد شہزاد کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آخری اوور کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

محمد شہزاد نے 5 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے، بدقسمتی سے وہ رن آؤٹ ہو گئے، آخر میں احمد خان نے 19 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کو شاندار فتح دلا دی، دیگر بیٹرز میں معاز صداقت 29، کپتان قاسم اکرم 22، عرفان خان 33 اور رضوان محمود 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، راج باوا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، واضح رہے کہ یہ پاکستان کی گروپ اے میں مسلسل دوسری کامیابی ہے، گرین شرٹس نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، قومی ٹیم اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ 27 دسمبر کو میزبان ٹیم یو اے ای کے خلاف کھیلے گی۔