انڈس ہائی وے پر وین الٹ کر پانی کے گڑھے میں جاگری ،عورتوں وبچوں سمیت 20افراد جاں بحق 4زخمی ہو گئے

158

حیدرآباد۔17نومبر (اے پی پی):انڈس ہائی وے پر وین الٹ کر پانی کے گڑھے میں جاگری ،عورتوں وبچوں سمیت 20افراد جاں بحق 4زخمی ہو گئے، 2کی حالت نازک ہے ،سہیون ٹول پلازہ کے قریب انڈس ہائی وے پر ایک تیز رفتار مسافر وین ڈرائیورسے بے قابو ہو کر سیلابی پانی کے60فٹ گہرے گڑھے میں جا گری۔

بتایا جاتا ہے کہ منچھر جھیل کو شگاف دینے کے بعد انڈس ہائی وے پر بھی پانی کی نکاسی کے لیے کٹ لگایا گیا تھا جس پر مٹی ڈال کر بند کردیا گیا تھا تیز رفتار وین اس مٹی پر پھسل کر پانی سے بھرے60فٹ گہرے گڑھے میں جاگری جس وقت امدادی کارکن پہنچے مسافروں کی اکثریت دم توڑ چکی تھی

ڈی سی جامشورو فرید الدین مصطفی کے مطابق وین میں 24افراد سوار تھے جو خیر پور میرس کے دیہات ، گوٹھ داؤد پھل پھوٹو سے خواتین وبچوں سمیت یہ افراد حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر چادر چڑھانے آرہے تھے کہ سیہون سے دو کلو میٹر دور ٹول پلازہ کے نزدیک اجل کا شکار ہو گئے

سید عبداللہ شاہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ایم ایس ڈاکٹر معین الدین صدیقی کے مطابق لاشوں میں 17خواتین و بچے شامل ہیں وین میں24افراد سوار تھے ان میں 4زخمی ہیں جن میں 2کی حالت نازک ہے ـ