لاہور۔1جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے منڈی بہائوالدین سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ کے ورکرزنے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ملاقات میں پارٹی کی تنظیم سازی، علاقے کے ترقیاتی مسائل اور حکومت کے فلاحی پروگراموں پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی خدمت کے سفر کو مل کر آگے بڑھا رہے ہیں،مختصر مدت میں عوام کے معیارزندگی میں بہتری لانے کیلئے بے مثال پروگرام شروع کئے،انڈسٹریلائزیشن کے عمل کو تیزکرکے صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے، خصوصی اقتصادی زونز اور صنعتی مراکز میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کئے گئے ہیں،بزنس فسیلیٹیشن سنٹرز نیا کارخانہ لگانے کیلئے پندرہ روز میں این او سی جاری کر رہے ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہاکہ انڈسٹری کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا پلان بنالیاہے،25سے زائد غیرملکی سولر کمپنیوں سے سودمند بات چیت ہوئی ہے،غیرملکی کمپنیوں نے پنجاب میں سولر انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہرکی ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے بااختیار بنانے کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں،فنی تعلیم کے معیارکو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،مرحلہ وار پروگرام کے تحت ٹیوٹاکے اداروں، لیبز اور نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیاجا رہا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ کو پنجاب سمیت ملک بھر میں متحرک اور فعال جماعت بنائیں گے،پارٹی ورکرز ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی تجاویز اور آرا کو مکمل اہمیت دیں گے۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکن عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں حکومت کی فلاحی سکیموں سے آگاہی دیں۔ملاقات کرنے والوں میں جنرل سیکرٹری مسلم لیگ منڈی بہائوالدین چوہدری نوید تارڑ، چوہدری وریام اکرم گجر، حاجی غلام شبیر وڑائچ، حاجی افضل وڑائچ اور دیگر شامل تھے۔