اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کے دورہ انڈونیشیا اور ترجیحی تجارتی معاہدہ پر نظرثانی کے نتیجہ میں انڈونیشیا نے پاکستان سے کینو کی سیزن میں برآمد دوگنا بڑھا دی ہے، ابتدائی طور پر پاکستان سے کینو کی یہ برآمد صرف مارچ اور فروری کے مہینوں میں ہوتی تھی جو کہ اب جنوری سے اپریل تک کیلئے دوگنا ہو گئی ہے, انڈونیشیا کی حکومت نے بھی اس ضمن میں سرکاری نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے‘ موجودہ حکومت کی کامیاب تجارتی سفارتکاری کے باعث پاکستانی برآمدی کینو کی مقبولیت کی وجہ سے اب انڈونیشیئن مارکیٹوں تک رسائی بھی بڑھ گئی ہے۔ وزیر تجارت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت تجارت کے فروغ کیلئے انتھک محنت کر رہی ہے اور آنے والے مہینوں میں مزید آزاذانہ تجارت کے کئی معاہدوں پر دستخط ہوںگے جس سے پاکستانی مصنوعات کیلئے مزید کئی مارکیٹیں کھل جائیں گی۔