انڈونیشیا کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد

108

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):انڈونیشیا کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد جاری ہے۔اتوار کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کینٹین سٹور ڈیپارٹمنٹ (سی ایس ڈی) زونل آفس کراچی میں سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے لیے فوڈ پیک حوالے کرنے کی تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں انڈونیشیا کے قونصل جنرل ڈاکٹر جون کونکورو ہاڈیننگراٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر این ڈی ایم اے، ڈائریکٹر کمرشل سی ایس ڈی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

فوڈ پیک کی شکل میں یہ امداد انڈونیشیا کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے جاری امداد کا حصہ تھی۔ ضروری اشیا خوردونوش پر مشتمل 15900 پیک این ڈی ایم اے نے سی ایس ڈی کے ذریعے پہلے ہی انڈونیشیا کی طرف سے فراہم کردہ مالیاتی امداد سے خریدے تھے تاکہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں شامل ہو سکیں۔

مذکورہ فوڈ پیک سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین میں پاک فوج کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل نے پاکستان کے سیلاب 2022 سے نمٹنے کی کوششوں کو سراہا اور متاثرین کی جلد صحت یابی اور آباد کاری کے لیے دعا کی۔ انہوں نے انڈونیشیا کی حکومت و عوام کی جانب سے پاکستان کی بوقت ضرورت مدد کی یقین دہانی بھی کرائی۔

این ڈی ایم اے کے حکام نے چیئرمین این ڈی ایم اے کی جانب سے پاکستانی سیلاب زدگان کو دی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا اورکونسل جرنل کو فوڈ پیک کی تشکیل کے بارے میں بھی بتایا۔ مالی امداد کے علاوہ بھی انڈونیشیا پاکستانی سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے۔