جکارتہ ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) انڈونیشیا کے مشرقی جزائر ملوکو میں 6.5 درجہ شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ،زلزلیکے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔جزائر ملوکو کے شہر ایمبون میں زلزلہ جمعرات کی صبح مقامی وقت کے مطابق 8 بج کر 45 منٹ پر آیا جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.5 یکارڈ کی گئی، مقامی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے مطابق زلزلے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور گھروں کو بھی نقصانات پہنچے ، زلزلے سے متعدد عمارتیں گر گئیں جبکہ اس دوران گلی میں بھاگنے والا ایک شخص ملبہ لگنے سے جاں بحق جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے، تاہم مجموعی نقصانات کی حد کا فوری اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔انڈونیشی محکمہ موسمیات کے زلزلہ و سونامی ڈویژن کے سربراہ رحمت ٹریونو نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے ایمبون کے گردونواح میں بھی محسوس کیے گئے جس کے بعد شہر میں 2 درجن تک آفٹر شاکس بھی آئے جن میں ایک کی شدت 5.6ریکارڈ کی گئی۔ امریکا کے ارضیاتی سروے کے ادارہ نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ایمبن کے شمال مشرق میں 37کلومیٹر کے فاصلے پر 29کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔