انڈونیشیا، عازمین حج کے لیے نئے ٹرمینل کا افتتاح

117

جکارتہ ۔5مئی (اے پی پی):انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نےجکارتہ میں ایک خصوصی حج ٹرمینل کا افتتاح کر دیاہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ خصوصی ٹرمینل مکہ روٹ انیشیٹو کے تحت انڈوینشی عازمین حج کو امیگریشن کے نئے نظام کے تحت حج کے لیے پرواز کی سہولت فراہم کرے گا اور امیگریشن کا سارا عمل پرواز کرنے سے قبل ہی مکمل کیا جا چکا ہو گا۔ یہ نظام 2019 میں شروع کیا گیا تھا۔انڈونیشیا مسلسم دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے ۔

یہاں سے سب سے زیادہ عازمین حج روانہ ہوتے ہیں۔ رواں سال کے لیے انڈونیشیا سے دو لاکھ21ہزار عازمین کی فریضہ حج کے لیے روانگی کا ہدف ہے۔عمرہ کی ادائیگی کے لیے بھی سب سے زیادہ تعداد انڈونیشیا سے ہی جاتی ہے۔سعودی عرب نے متعددممالک سے مکہ روٹ انیشیٹو کے تحت عازمین حج کے لیے امیگریشن کے امور میں آسانی فراہم کی ہے۔ انڈونیشیا نے جکارتہ ایئر پورٹ پر اس منصوبے کے تحت جانے والے عازمین حج کے لیے الگ ٹرمینل قائم کر دیا ہے۔

انڈونیشیا کے صدر نے نئے ٹرمینل کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عازمین حج کو زیادہ اور بہتر سہولیات فراہم ہوں، ہمیں بڑی عمر کے عازمین کے لیے بھی زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی بہترین خدمت ہو سکے، ان کا خیال رکھا جائے اور انہیں زیادہ سے زیادہ آسانی دی جا سکے۔

صدر نے کہا کہ اس خصوصی ٹرمینل سے بھی عازمین حج کو بہت سہولت ملے گی۔ انہیں انتظار میں نہیں رہنا پڑے گا، ان کا قیمتی وقت بچے گا اور راستے کی تھکن سے بچیں گے۔ٹرمینل کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزراء کے علاوہ سعودی سفیر فیصل عبداللہ آمودی بھی موجود تھے۔