استنبول۔11جون (اے پی پی):انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی نے پہلی بار یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیت لیا ، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں اطالوی کلب انٹر میلان کو 0-1 سے شکست دی ، مانچیسٹر سٹی کے روڈری کا گول فیصلہ کن ثابت ہوا ، استنبول کے اتاترک اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا ، انٹر میلان نے ابتدا میں حملے کیے مگر ان کو کامیابی نہیں ملی، مانچسٹر سٹی نے کچھ وقت گزرنے کے بعد کھیل کا کنٹرول سنبھال لیا اور زیادہ تر گیند اپنے پاس رکھی لیکن وہ بھی گول کرنے میں ناکام رہے،
پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا ، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا ، 68 ویں منٹ میں مانچیسٹر سٹی کے روڈری نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی ، خسارے میں جانے کے بعد انٹر میلان نے حملوں کی رفتار بڑھا دی ، میچ کے اختتام سے قبل انٹر میلان کے کھلاڑیوں نے خطرناک حملہ کیا مگر مانچسٹر سٹی کے گول کیپر ایڈرسن نے اسے ناکام بنا کر میچ برابر نہ ہونے دیا ،
ریفری کی فائنل وسل کے ساتھ ہی مانچسٹر سٹی نے 0-1 سے فتح سمیٹ کر پہلی بار یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، مانچسٹر سٹی اس سیزن میں انگلش پریمیئر لیگ اور ایف اے کپ کی ٹرافی بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے ، اس طرح مانچیسٹر سٹی تینوں ٹائٹل ایک ساتھ جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے ، اس سے قبل مانچیسٹر یونائیٹڈ نے یہ اعزاز 1999 میں اپنے نام کیا تھا ۔