برمنگھم ۔ 3 اگست (اے پی پی) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، گیری بیلنس اور معین علی نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ سہیل خان نے پانچ کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ بدھ کو یہاں ایجبسٹن، برمنگھم میں شروع ہونے والے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلش اوپنرز نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا تاہم 36 کے مجموعی سکور پر سہیل خان نے ایلیکس ہیلز کو 17 کے انفرادی سکور پر آﺅٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلا دی، انگلینڈ کو دوسرا نقصان بھی جلد اٹھانا پڑا جب جو روٹ صرف تین رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ 75 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو اہم کامیابی حاصل ہوئی جب راحت علی نے کپتان ایلسٹر کک کو 45 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ جیمز ونس اور گیری بیلنس نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 69 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 144 تک پہنچا دیا، ونس انگلینڈ کے چوتھے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 39 رنز بنانے کے بعد سہیل خان کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔