میلبورن۔ 14 اپریل (اے پی پی)آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ نے کہا ہے کہ رواں برس انگلینڈ کے خلاف شیڈول ایشز سیریز میں ٹیم میں کم بیک کرنا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سخت محنت کروں گا۔ بینکرافٹ ان دنوں کاﺅنٹی کرکٹ میں ڈرھم کی قیادت کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ کرنے پر کرکٹ آسٹریلیا نے بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی جو دسمبر میں ختم ہو گئی تھی لیکن اب انہیں ٹیم میں کم بیک کا چیلنج درپیش ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی میرے لئے باعث اعزاز ہے، میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملا اور اب میں دوبارہ آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کیلئے بے چین ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ بال ٹیمپرنگ کا واقع ماضی کا حصہ بن چکا ہے، اب تمام تر توجہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے، میں تینوں طرز کی کرکٹ کھیلنا پسند کرتا ہوں تاہم اس وقت میرا ہدف ایشز سیریز میں کم بیک کرنا ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔