او آئی سی سی آئی کی گزشتہ 10برسوں میں ملک میں 22 ارب ڈالرسے زائد کی سرمایہ کاری

185
OICCI
OICCI

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):پاکستان میں سرفہرست 210 غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نمائندہ تنظیم اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) نے گزشتہ 10برسوں میں ملک میں 22 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ منگل کویہاں جاری بیان کے مطابق 2013 سے 2023 تک کی مدت میں پاکستان میں مجموعی طورپر 19.8 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ اس مدت کے دوران او آئی سی سی آئی کے اراکین نے پاکستان میں 22.6 اربڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جو ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے تنظیم کے اراکین کے عزم کی عکاسی کررہاہے ۔

بیان کے مطابق 2023 میں او آئی سی سی آئی کی 139 ممبر کمپنیوں کے مجموعی اثاثوں کاحجم 29.6 ٹریلین روپے رہا جبکہ 482 ارب روپے کے کیپٹل اخراجات ریکارڈ کئے گیے ،ان کمپنیوں نے 2.4 ٹریلین روپے حکومتی محصولات کی صورت میں اداکئے ۔ملک کو درپیش چیلنجوں کے باوجود او آئی سی سی آئی کے اراکین نے گزشتہ دہائی کے دوران دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے مقابلے میں ملکی معیشت پر زیادہ اعتماد کا اظہارکیاہے ۔پاکستان کی معیشت پر اراکین کے اعتماد کو اجاگر کرتے ہوئے او آئی سی سی آئی کے صدر ریحان شیخ نے کہاہے کہ ایسے وقت میں جب پاکستان اپنے معاشی چیلنجوں سے نمٹ رہا ہے او آئی سی سی آئی کے اراکین کا مستقل اعتماد اور سرمایہ کاری مستقبل کی ترقی اور ترقی کے لیے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کررہی ہے ۔

او آئی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو اور سیکرٹری جنرل عبدالعلیم نے بتایاکہ او آئی سی سی آئی کے اراکین کی اہم شراکت پاکستان کی معیشت کو تقویت دینے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے اہم کردار کی نشاندہی کرتی ہے”۔انہوں نے مزید کہا تنظیم کے اراکین تیل و گیس ، بینکنگ ، اور صارفین کی مصنوعات جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے علاوہ ٹیکنالوجی کی منتقلی ، ڈیجیٹل تبدیلی ، جدید ایجادات کو متعارف کرانے، مینوفیکچرنگ آپریشن ، سپلائی چین اور بین الاقوامی شہرت یافتہ برانڈز کی مارکیٹنگ کے شعبے میں بہترین طریقوں کو متعارف کرانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کی سرگرمیوں کے تحت تنظیم کی رکن کمپنیوں نے مالی سال 2022-23 میں 13 ارب روپے فلاحی سرگرمیوں پرخرچ کئے جس سے ملک بھر میں 40 ملین افراد کو فائدہ پہنچا ۔