او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ایاد امین مدنی کی مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات مسلم امہ کو درپیش متعدد چیلنجوں بالخصوص افغانستان اور مقبوضہ کشمیر میں صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

141

اسلام آباد ۔ 20 اگست (اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل ایاد امین مدنی نے ہفتہ کو یہاں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔بات چیت کے دوران مسلم امہ کو درپیش متعدد چیلنجوں بالخصوص افغانستان اور مقبوضہ کشمیر میں صورتحال سے متعلق امور زیر بحث لائی گئیں۔ سیکرٹری جنرل نے کہاکہ وہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں حالیہ صورتحال کی وجہ سے پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔انہوں نے مقبوضہ وادی میں بیگناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں تشویشناک انسانی صورتحال سے آگاہ کیا جہاں بھارتی فورسز بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔ ایاد امین مدنی نے مشیر خارجہ کو افغانستان میں امن کیلئے او آئی سی کی کوششوں سے آگاہ کیا اور کہاکہ افغانستان سے متعلق علماءکانفرنس کیلئے مشاورت جاری ہے۔مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان افغان حکومت اور عوام کی قیادت میں مصالحت اورقیام امن کیلئے پر عزم ہے۔قبل ازیں ہفتہ کو او آئی سی کے سیکرٹری جنرل پاکستان کے دو روزہ دورے کے دوران دفتر خارجہ پہنچے تو مشیر خارجہ نے انکا خیر مقدم کیا۔