او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طٰحہ اسلام آباد ائرپورٹ سے واپس روانہ، کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکر یہ ادا کیا

506

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طٰحہ اسلام آباد ائرپورٹ سے روانہ ہوگئے، کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکر یہ ادا کیا۔وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے مہمانوں کو الوداع کیا۔ انڈونیشیا، اردن،کرغستان ،قازقستان، بنگلہ دیش اورسیرالیون کے وفود بھی روانہ ہو گئے۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کل کی کانفرنس کامیاب رہی جو ایک خوش آئند بات ہے۔سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ اجلاس سے خطے بالخصوص افغانستان میں انسانی صورت حال میں بہتری آئے گی،او آئی سی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ افغانستان کیلئے نمائندہ خصوصی تعینات کیا جائے اور کل نمائندہ خصوصی نے افغان وفد سے بھی ملاقات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کی ایک اور کامیابی افغانستان کے لوگوں کے لیے فنڈ کا قیام ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان آمد پر سیکرٹری جنرل او آئی سی کے شکرگزار ہیں، افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے چکاہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اس المیے کے سد باب کیلئے او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھر پور آواز اٹھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھرپور پیغام گیا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ امید ہے کہ افغانستان کے نمائندہ خصوصی افغان عوام کیلئے فعال کردار ادا کریں گے اور اس کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں پر بھی عمل درآمد کرائیں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ او آئی سی کے اس غیر معمولی اجلاس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔