اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرا خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کے انعقا دکیلئے پارلیمنٹ ہائوس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
معزز مہمانوں کے استقبال کیلئے پارلیمنٹ کی راہداریوں میں ریڈ کارپٹ بچھا دیئے گئے اور سینیٹ اور قومی اسمبلی کی عمارتوں کو برقی قمقموں اور پھولوں سے آراستہ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان او آئی سی کے وزرا خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جس میں اسلامی ممالک کے وزرا خارجہ، مندوبین، نمائندگان، مختلف تنظیموں کے سربراہان اور غیر ملکی مبصرین شرکت کر رہے ہیں۔ یہ اہم اجلاس افغانستان میں ابھرنے والی صورتحال پر طلب کیا گیا ہے۔
او آئی سی کے اس غیر معمولی اجلاس کے انعقاد کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس کو انتہائی خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے تاکہ معزز مہمانوں کا شایان شان طریقہ سے استقبال کیا جا سکے۔
اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے مہمانوں کے استقبال کیلئے ایوان بالا اور ایوان زیریں کی عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے اور پھولوں سے آراستہ کر دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کو دیدہ زیب بنانے کیلئے تزئین و آرائش مکمل ہو گئی ہے اور تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔