اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)نے حکومت کی جانب سے اپریل 2025 میں منعقدہ مسابقتی بولی کے ذریعے سات نئے ایکسپلوریشن بلاکس حاصل کر لئے ہیں۔بدھ کو ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن)نے او جی ڈی سی ایل اور اس کے شراکت دار اداروں پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل)، ماڑی انرجیز لمیٹڈ (ماڑی)، گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل)، ترکش پٹرولیم اوورسیز کمپنی (ٹی پی او سی) اور پرائم گلوبل انرجیز لمیٹڈ (پرائم) کو ان بلاکس کا عبوری الاٹمنٹ جاری کر دیا ہے، یہ بلاکس ورک یونٹس کی بنیاد پر دیئے گئے ہیں تاہم ان کی حتمی منظوری ایکسپلوریشن لائسنسز اور پٹرولیم کنسیشن ایگریمنٹس (پی سی اے) پر دستخط کے بعد ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ او جی ڈی سی ایل کو بلوچستان میں واقع”کلات نارتھ بلاک“میں 100 فیصد ورکنگ انٹرسٹ بطور آپریٹرحاصل ہوئی ہے۔
اسی طرح سندھ میں واقع ”نائنگ شریف بلاک“کا آپریٹر بھی او جی ڈی سی ایل ہو گا جس میں اس کا حصہ 70 فیصد ہے جبکہ پرائم کمپنی کے پاس 30 فیصد شیئر ہیں۔پنجاب میں واقع ”کھیو-ٹو بلاک“کا آپریٹر بھی او جی ڈی سی ایل ہو گاجہاں اس کا حصہ 60 فیصد ہے جبکہ ماڑی انرجیز کے پاس 40 فیصد حصہ ہے۔بلوچستان کے ”احمد وال بلاک” میں او جی ڈی سی ایل کا حصہ 40 فیصد ہے جبکہ ماڑی 60 فیصد کے ساتھ اس بلاک کا آپریٹر ہو گا۔ ”کلات ساؤتھ بلاک” میں او جی ڈی سی ایل کے پاس 30 فیصد حصہ ہے، جہاں پی پی ایل 40 فیصد کے ساتھ آپریٹر ہے جبکہ ماڑی 30 فیصد کی حصہ دار ہے۔ سندھ کے”سکھ پور-ٹو بلاک“میں او جی ڈی سی ایل کا حصہ 30 فیصد ہے جبکہ پرائم (25 فیصد اور آپریٹر)، ماڑی (30 فیصد) اور ٹی پی او سی (15 فیصد) شراکت دار ہیں۔ بلوچستان میں ”زیارت نارتھ بلاک“میں او جی ڈی سی ایل کا ورکنگ انٹرسٹ 24.87 فیصد ہے
جہاں ماڑی33.16 فیصد کے ساتھ آپریٹر ہے جبکہ پی پی ایل اور ٹی پی او سی کے پاس بالترتیب 24.87 فیصد اور 10 فیصد شیئرز ہیں، اور جی ایچ پی ایل 7.10 فیصد حصہ دارہے۔ واضح رہے کہ ان نئے بلاکس کی الاٹمنٹ او جی ڈی سی ایل کی حکمتِ عملی اور کاروباری منصوبے کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے جس کا مقصدکمپنی کے ایکسپلوریشن پورٹ فولیو کو مزید مستحکم کرنا اور کمپنی اورملک کے ہائیڈرو کاربن ذخائر میں اضافہ کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597082