اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے حالیہ سروے کے نتائج کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ سروے سے پاکستان کی معیشت پرسرمایہ کاروں کے اعتمادکی عکاسی ہو رہی ہے ، سروے کے نتائج استحکام کی جانب بڑھتے ہوئے سفر کا مظہر ہے،حکومت نجی شعبے کی ترقی اور طویل المدتی معاشی استحکام کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفدسے ملاقات میں کہی۔ وفدکی قیادت صدر یوسف حسین نے کی۔ ملاقات میں اوآئی سی سی آئی کے بزنس کانفیڈنس انڈیکس سروے۔ویو 27 کے حالیہ نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا، جو مارچ اور اپریل 2025 میں ملک بھر میں کیا گیا۔اوآئی سی سی آئی کے وفد نے سروے کی تفصیلات پیش کیں جس کے مطابق پاکستان بھر میں کاروباری اعتماد میں نمایاں بہتری ہوئی ہے اورانڈیکس میں 16 فیصد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سروے (اکتوبر-نومبر 2024) میں منفی 5 فیصد تھا، اب بڑھ کر مثبت 11 فیصد ہو گیا ہے۔
اس بہتری کو معیشت میں استحکام، مہنگائی میں کمی اور مستقبل میں کاروباری حالات بہتر ہونے کی توقعات سے منسوب کیا جا رہا ہے۔ سب سے زیادہ بہتری مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ہوئی جہاں کاروباری اعتماد منفی 3 فیصد سے بڑھ کر مثبت 15 فیصد ہو گیا۔ ریٹیل اور ہول سیل شعبہ جات میں بھی نمایاں بحالی ہوئی، جو پچھلی دفعہ منفی 18 فیصد تھی اور اب بڑھ کر مثبت 2 فیصد ہو گئی ہے۔ خدمات کے شعبہ میں بھی مستقل بہتری دیکھی گئی، جہاں اعتماد کی شرح 2 فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد ہو گئی۔
وزیر خزانہ نے کاروباری جذبات میں مثبت رجحان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی معیشت کے استحکام کی جانب بڑھتے ہوئے سفر کا مظہر ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت نجی شعبے کی ترقی اور طویل المدتی معاشی استحکام کے لئے پرعزم ہے۔اوآئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں کاروباری اعتماد میں مسلسل بہتری آئی ہے اور حالیہ اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا کاروباری طبقہ مستقبل کی ترقی کے امکانات سے پُرامید ہے۔
انہوں نے کہا کہ سروے کے نتائج حکومت کی اقتصادی سمت اور اصلاحات کے اقدامات پر بڑھتے ہوئے اعتماد کو ظاہر کرتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے یقین دلایا کہ حکومت اس مثبت رجحان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔ پالیسی میں تسلسل، شفافیت اور بشمول اوآئی سی سی آئی ممبران اسٹیک ہولڈرز سے موثر رابطہ حکومت کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا جا سکے اور معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600147