اوور سیز پاکستانیوں کے زمین سے متعلق مسائل کے حل کیلئے فاسٹ ٹریک کورٹس کا قیام جلد عمل میں لائیں گے،معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری

86

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کے زمین سے متعلق مسائل کے حل کیلئے فاسٹ ٹریک کورٹس کا قیام جلد عمل میں لائیں گے،سمری وزارت قانون کو ارسال کردی ہے اس حوالے سے وہ بدھ کو سیکرٹری قانون سے ملاقات کریں گے۔.یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کے ہمراہ اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص پولیس سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ زلفی بخاری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی زمین پہ قبضے کے مسائل سے دوچار رہتے ہیں۔ ان کے دیرینہ مسائل کا حل تحریک انصاف کا انتخابی وعدہ تھا۔ آج اس وعدے کی تکمیل کی اہم کڑی مکمل ہوئی ہے۔ فاسٹ ٹریک کورٹس کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا تاکہ 2 سے 3 ماہ میں ان کیسز کو نمٹایا جا سکے۔ اس سلسلے میں سمری وزارت قانون کو ارسال کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی غیر موجودگی کی وجہ سے اْن کے مسائل التواء کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس پولیس سٹیشن کے قیام سے ان کے مسائل کو ایک چھت تلے حل کیا جائے گا۔ پولیس اور اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کا عملہ اس حوالے سے ایک چھت تلے عوام کو سہولت فراہم کریں گے۔ مستقبل قریب میں ان اقدامات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور ان پولیس اسٹیشنز کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی عوامی سہولت کیلئے قائم کیا جائے گا۔ پولیس سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر سیکرٹری اوور سیز عامر حسن اور ایم ڈی او پی ایف عامر شیخ بھی موجود تھے۔