
اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اوپن بیلٹ کے ذریعے سینیٹ انتخابات کے انعقاد سے ملک میں شفافیت کی راہ ہموار ہو گی اور چھانگا مانگا کی سیاست کا خاتمہ ہو گا، اپوزیشن کو کرپٹ نظام سوٹ کرتا ہے اسلئے وہ اوپن بیلٹ کی مخالفت کر رہی ہے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے جلسوں اور تحریک میں ناکامی کے بعد اب یوسف رضاگیلانی سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں، یوسف رضاگیلانی اسلام آباد کی سیٹ نہیں جیت سکیں گے۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کرپشن اور خریدوفروخت کا راستہ روکنے کیلئے اوپن اور ٹریس ایبل بیلٹ کی بات کر رہی ہے، یہ اتنا بڑا ایشو بننا ہی نہیں چاہیے تھا کیونکہ ماضی میں تمام جماعتیں، الیکشن کمیشن کی اصلاحاتی کمیٹی 2009ءمیں انتخابات میں اصلاحات کی سفارش کر چکی ہے،2015ءمیں نواز شریف کے بیانات دیکھ لیں، آج یہی لوگ اس کی مخالفت کر رہے ہیں، سمجھ نہیں آتا کہ اپوزیشن اوپن بیلٹ سے خوفزدہ کیوں ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تحریک انصاف پر کوئی دباﺅ نہیں ہے، جس جماعت کا جتنا مینڈیٹ ہے اس کا احترام ہونا چاہیے، دنیا کا کوئی قانون خریدوفروخت کی اجازت نہیں دیتا، پیسے کی بنیاد پر آنے والے لوگوں کی قیمت عوام کو کرپشن اور منی لانڈرنگ کی صورت میں ادا کرنا پڑتی ہے، عوامی نمائندوں کا پیسوں کی خاطر بک جانا افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے پرانے اور پارٹی کے ساتھ مخلص لوگوں کو ٹکٹ دیئے ہیں، تحریک انصاف کے اراکین پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیں مینڈیٹ کے مطابق سیٹیں ملیں گی۔ ضمنی انتخابات میں شکست سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے انتخابی مہم کے دوران سندھ حکومت کی پوری مشینری استعمال کی، جن سیٹوں سے پیپلزپارٹی کے اراکین جیتے ہیں وہاں پر ہمیشہ سے ہی اس کی پوزیشن مضبوط رہی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت کا دور بدترین تھا، کرپشن عروج پر تھی اور صنعتیں تباہ ہوئیں، عوام اسے نہیں بھولے، آصف علی زرداری نے پہلے بھی یوسف رضاگیلانی کو قربان کیا تھا اور اب دوبارہ انہوں نے ان کیلئے مشکلات پیدا کر دی ہیں، یوسف رضا گیلانی کے نمبرز کم ہیں، وہ سیٹ نہیں جیت سکیں گے۔