لاہور۔12مارچ (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، ڈی آئی جی ایس پی یو، ڈی آئی جی ایڈمن لاہور، اے آئی جی فنانس، اے آئی جی ڈویلپمنٹ اینڈ لاجسٹکس اور ایس پی پی ایچ پی موجود تھے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساتھ پنجاب، کمانڈنٹس پی سی، سہالہ، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس میں پیش رفت اور فنڈز کے استعمال کا جائزہ لیا۔
آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز سمیت متعلقہ افسران نے مکمل اور زیر تکمیل منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ سمارٹ پولیس سٹیشنز، سیف سٹیز پراجیکٹس اور پولیس چیک پوسٹوں کے تعمیراتی کاموں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پولیس ٹریننگ اداروں میں بیرکس، ہاسٹلز، ایس ڈی پی اوز آفسز، پولیس دفاتر، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، اور فنڈز کے استعمال کا بھی جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے زیر تکمیل تمام پراجیکٹس دی گئی ٹائم لائن میں مکمل کرنے کا حکم دیا اور سکیموں کی انتظامی منظوری، ٹینڈرنگ کے بعد ڈویلپمنٹ ورک جلد شروع کرنیکی ہدایت کی۔ پولیس سٹیشنز سمن آباد، نواب ٹائون اور کوٹ لکھپت کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔
سیف سٹیز بہاولپور اور ملتان مکمل ہے جبکہ صادق آباد پولیس سٹیشن مئی کے آخر میں مکمل ہو گا۔ ڈولفن ہیڈ کوارٹر گوجرانوالہ اور ایمن آباد پولیس سٹیشن 91فیصد مکمل ہے۔ پولیس سٹیشنز صدر یزمان، لائنز سرکل سٹی بہاولپور اور پولیس سٹیشن مسافر خانہ بہاولپور کی تعمیر مکمل ہے اسی طرح پولیس سٹیشن سحجا رحیم یار خان کی نئی بلڈنگ کی تعمیر مکمل ہے۔
سرگودھا میں پولیس سٹیشنز ساجد شہید، ترکھان والا اور پولیس سٹیشن کالر کوٹ بھکر کی نئی عمارت کی تعمیر رواں سال جون تک مکمل ہو گی۔پولیس سٹیشنز کالیانہ پاکپتن، شیخ فاضل وہاڑی اور صومیانی راجن پور کی تعمیر بھی جون تک مکمل ہو جائے گی جبکہ ایس ڈی پی او آفس راجن پور کی بلڈنگ کا 90فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571771