آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں جمعہ کو مزید دو میچ کھیلے جائیں گے

231
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں جمعہ کو مزید دو میچ کھیلے جائیں گے

میلبورن۔27اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں کل(جمعہ کو ) مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا، پہلے میچ میں افغانستان اور آئرلینڈکی ٹیمیں نبرد آزما ہوں گی جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

میگا ایونٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ آسٹریلیا میں جاری ہےجس میں شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے25 ویں میچ میں افغانستان اور آئرلینڈکی کی ٹیمیں میلبورن کرکٹ گرائونڈ ،میلبورن میں آمنے سامنے ہوں گی۔

افغانستان کو محمد نبی لیڈ کر رہے ہیں اور آئرلینڈ کی ٹیم اینڈریو بالبرنی کی زیرقیادت میدان میں اترے گی ۔ میگا ایونٹ کا 26 واں میچ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان اسی مقام میلبورن کرکٹ گرائونڈ ، میلبورن میں ہی دن ایک بجے شروع ہوگا۔

آسٹریلوی ٹیم مایہ ناز بلے باز آرون فنچ کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ انگلینڈ کو مایہ ناز بلے باز جوز بٹلر لیڈ کر رہے ہیں ۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 9 نومبرکو سڈنی اور دوسرا سیمی فائنل میچ 10 نومبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل میچ 13نومبر کو ایم سی جی میلبورن میں کھیلا جائے گا۔