جمیکا۔14جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان نے پاپوا نیو گنی کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا، افغانستان کی ٹیم نے پاپوانیوگنی کی جانب سے ملنے والا 96 رنز کا ہدف 15.1 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، افغانستان کے گلبدین نائب نے ناقابل شکست 49 رنز اور فضل الحق فاروقی نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، فضل الحق فاروقی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعے کو برائن لارا سٹیڈیم تاروبا ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے 29ویں میچ میں افغانستان ٹیم کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا
افغانستان کے بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث پاپوا نیو گنی کی پوری ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 95 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ، وکٹ کیپر کپلن ڈوریگا 27،علیی نائو13 اور ٹونی یورا 11 رنز بناسکے ، ان کے علاوہ پاپوا نیو گنی کے 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر پائے۔افغانستان کے فضل الحق فاروقی نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،نوین الحق نے 2 جبکہ نوراحمد نےایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں افغانستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے پاپوا نیوگنی کا 96 رنز کا ہدف 15.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
افغانستان کے گلبدین نائب ناقابل شکست 49 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔محمد نبی نے ناقابل شکست 16 رنز بنائے۔پاپوانیوگنی کے علیی نائو ،سیمو کامیا او رنارمن وانوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ گروپ سی میں افغانستان نے مسلسل تیسری فتح حاصل کرکے سپر ایٹ رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا ہے اس سے قبل اس گروپ میں سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی سپر ایٹ رائونڈ کےلئے کوالیفائی کر چکی ہے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=476271