دبئی۔22فروری (اے پی پی):آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں قومی کرکٹ ٹیم نے روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ کے لیے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی اسکواڈ نے دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ کوچز نے کھلاڑیوں کو کیچز اور فیلڈنگ کی پریکٹس کرائی۔ باؤلرز نے ایکسرسائز ڈرل جبکہ بیٹرز نے وارم اپ سیشن میں حصہ لیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سٹیڈیم کا دورہ کیا اور پریکٹس سیشن دیکھا۔ انہوں نے کھلاڑیوں اور کوچز سے ملاقات کی۔
واضح رہے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ (کل) بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ گرین شرٹس کے لیے یہ میچ نہایت اہم ہے۔ پاکستانی ٹیم محمد رضوان کی قیادت میں میدان اترے گی جبکہ بھارت کو روہیت شرما لیڈ کریں گے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں نے ہائی وولٹیج میچ کے لیے زبردست تیاری کر رکھی ہے اور دنیا بھر میں شائقین کرکٹ اس میچ کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564912