اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو) نے ماہ ستمبر 2023 سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف جاری کارروائیوں میں 4816 بجلی چوروں کو 41 کروڑر وپے سے زائد کے جرمانے عائد کیا ہے۔ ترجمان آئیسکو کے مطابق ماہ رمضان المبارک میں معزز صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے ساتھ مستحکم پاکستان کی راہ میں رکاوٹ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھی تسلسل سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلا ف جاری کریک ڈائون کے دوران ستمبر2023سے تمام آپریشن سرکلز بشمول اسلام آباد، راولپنڈی سٹی، راولپنڈی کینٹ، جہلم ، اٹک اور چکوال میں پولیس اور دیگر لا انفورسمنٹ اداروں کے تعاون سے آئیسکو ڈیٹیکشن ٹیموں نے ستمبر 2023 سے جاری کارروائیوں میں 4816 بجلی چوروں کو 41 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے، 3689 ایف آئی آرز اور 2561 بجلی چوروں کو گرفتار کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کارروائیوں میں 2 لاکھ سے زائد رننگ اور ڈیڈ ڈیفارلٹرز سے 6 ارب 25 کڑوڑ سے زائد کی ریکوری بھی کی گئی۔ آئیسکو چیف ایگزیکٹو محمد نعیم جان نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ بجلی کے بل بروقت ادا کر کے اپنا قومی فریضہ ادا کریں اور بجلی چوروں کی اطلاع متعلقہ ایس ڈی اوآفس، ہیلپ لائن نمبر118پر دیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570788