آزا د کشمیر کے عوام اپنے بچوں کے مستقبل کےلئے عمران خان کو ووٹ دیں ، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کا جلسہ عام سے خطاب

50

چڑھوئی ۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی، اپنے بچوں کے مستقبل کےلئے عمران خان کو ووٹ دیں، گلگت بلتستان کی طرح آزاد کشمیر کے عوام تحریک انصاف کو کامیابی دلائیں، پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں 70 سال کی محرومی کو دور کرے گی۔ وہ جمعہ کو یہاں قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی سے تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری شوکت فرید کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے بھی خطاب کیا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب حرام کے پیسوں سے محلات دیکھتے ہیں اور جب یہ لگتا ہے کہ یہ ہمارے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کا خون چوس کر کھڑے کئے گئے ہیں تو ایسے پیسے پر لعنت بھیجنے کو دل کرتا ہے، زرداری اور نواز شریف چور ہیں، اس لئے ان کے حواری بھی ان کی طرح چور ہیں، آپ کے پاس ووٹ کی طاقت ہے اس سے انتقام لیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنے ووٹ سے آنے والی نسلوں اور کشمیر کیلئے ان سے انتقام لینا ہے، ہم نے انہیں اضافی بجٹ دیا لیکن انہوں نے اس میں بھی خوردبرد کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کامیاب ہوئی تو جیسے گلگت بلتستان کو 370 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے اسی طرح انہیں 500 ارب روپے کا پیکیج دیں گے، گلگت بلتستان میں رواں مالی سال کے بجٹ میں منتخب نمائندوں کو ترقیاتی کاموں کیلئے ایک، ایک ارب روپے دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا ہر کارکن آزاد کشمیر میں عمران خان کا سفیر ہے، آپ نے صرف ووٹ ہی نہیں دینا بلکہ گھر گھر جا کر عمران خان کے سپاہی اور سفیر بن کر عمران خان کے امیدوار کیلئے ووٹ مانگنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جتنے بھی ہسپتال ہیں انہیں اپ گریڈ کریں گے تاکہ یہاں کے باسیوں کو صحت کی بہترین سہولیات میسر آ سکیں، تمام سڑکیں اور انفراسٹرکچر بہترین بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں یہی ڈاکو اور چور چاہئیں یا انہیں اپنا حق چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں چار نئے اضلاع بنا رہے ہیں، یہاں پر ناڑ کو نیابت بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے تو سمجھ لیں کہ یہ بن گیا، یہاں پر پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل کریں گے، یہاں نوجوانوں کیلئے سٹیڈیم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جنگ ہماری آنے والی نسلوں کیلئے ہے، یہ جنگ آزاد کشمیر کی فلاح اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے آبائو اجداد نے یہاں آ کر آزادی کی جنگ میں حصہ لیا، اس کے بدلے میں، میں آپ سے ووٹ مانگتا ہوں اور یہ آپ کے مستقبل کیلئے ہے، آزاد کشمیر کے عوام کو وزیراعظم عمران خان نے انتخابات سے پہلے ہی صحت کارڈ دیا ہے جو ایک مکمل نظام ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے باری باری سب کو آزما لیا، اب عمران خان کو ووٹ دیں جس نے دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی، ماضی کی حکومتوں نے دنیا میں ہمیں بھکاری بنا دیا تھا، وزیراعظم عمران خان کا یہ واضح مؤقف ہے کہ وہ اپنے ملک کے مفاد میں فیصلہ کریں گے، مودی سے بات چیت صرف کشمیر پر ہو گی، ماضی میں نواز شریف اپنی شادیوں میں مودی کو دعوتوں پر بلاتا تھا، اس وقت کشمیری خواتین کی عصمت دری انہیں نظر نہیں آتی تھی کیونکہ ان کی آنکھوں کے سامنے صرف ڈالر اور پائونڈ کی چمک تھی۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگ عمران خان کو ووٹ دے کر ہمارے آبائو اجداد کا قرض بھی اتاریں گے، یہ قرض وہ اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے اتاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عمران خان کا ساتھ اس لئے دیں کہ وہ علاقہ کی بہتری، اپنے بچوں کے مستقبل، کشمیر کی آزادی کا ضامن، خود داری اور غیرت و حمیت کا نام ہے۔