اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی ) کے زیر اہتمام آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کی تیاری کے لئے قومی بلائنڈ خواتین کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ عیدالفطر کے بعد لگایا جائے گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے بتایا کہ سیریز کی تیاری کے لیے قومی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 6 سے 15 اپریل تک لاہور میں لگایا جائے گا جس میں سیریز کے لئے منتخب شدر 17 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے، ان کھلاڑیوں کو کوچز عبدالرزاق، بختاور اقبال اور ٹرینر شاہدہ جدید تربیت د یں گے ۔
انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں جن کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے ان میں رمشاء شبیر، شمائلہ کرن، سائرہ، بشرا ظہور،ایشا فیصل ،نمرارفیق، کرن رفیق، نصرت بتول ،مریم خان ،خوریہ ملک ، رابیعہ نوید،نیشا، ایمان ارشد،مہرین علی، فرحت غفور، ارمین طارق اور نور فاطمہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیریز میں شرکت کے لیے 17 اپریل کو اسلام اباد سے آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوگی، دونوں ممالک کے درمیان پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی ۔
پاکستان اور آسٹریلیا خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 میچوں پرمشتمل سیریز 18 سے 26 اپریل تک کھیلی جائے گی ، تمام میچز برسبین کرکٹ سٹیڈیم آسٹریلیا میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کا انتخاب گزشتہ ماہ (19 سے 24 فروری تک )اسلام آباد میں ہونے والے چوتھی قومی خواتین بلائنڈ کرکٹ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ۔
سید سلطان شاہ نے بتایا کہ قومی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہے اور آسٹریلیا بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی اپنی سرزمین پر پہلی ہوم سیریز ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز کے لیے قومی کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ،امید ہے کہ قومی ٹیم آسٹریلیا بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے خلاف عمدہ کارکردگی سیریز میں شاندار کارکردگی کامظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576306