آسٹریلیا کے مائیکل میتھیوز نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا تیسرا مرحلہ جیت لیا

118

روم۔9مئی (اے پی پی): آسٹریلوی سائیکلسٹ مائیکل میتھیوزنے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا تیسرا مرحلہ جیت لیا۔ اٹلی میں گیرو ڈی اٹالیہ کا 106 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں سائیکلنگ کی دنیا کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے تیسرے مرحلے میں سائیکل سواروں نے وستو سے میلفی تک کا فیصلہ طے کرنا تھا جو 210 کلو میٹر پر محیط تھا۔32 سالہ آسٹریلوی سائیکل سوار مائیکل میتھیوز نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئےڈنمارک کے میڈس پیڈرسن کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

تیسرے مرحلہ کے فاتح سائیکلسٹ نے مطلوبہ فاصلہ 204کلومیٹر کا فاصلہ 5 گھنٹے 1 منٹ اور 41 سیکنڈز میں طے کیا۔ریس میں ڈنمارک کے میڈس پیڈرسن نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ آسٹریلین سائیکل سوار کیڈن گرووز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو تین ہفتوں میں مکمل ہوگی جس میں دنیا کے نامور سائیکلسٹس شریک ہیں۔

گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3448 کلو میٹر کا سفر طے کرینگے۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 23 روز جاری رہنے کے بعد 28 مئی کو اختتام پذیر ہوگی۔