جوہانسبرگ۔10فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے زیر اہتمام ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا آٹھویں ایڈیشن کا باضابطہ آغاز جنوبی افریقا میں ہوگیا ہے، میگا ایونٹ میں مزید دو میچوں کا فیصلہ کل( ہفتہ کو )ہوگا ،
پہلا میچ گروپ بی کی ٹیموں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان پرل کے مقام پر کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں گروپ اے کی ٹیمیں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ پرل کے مقام پر ہی نبرد آزما ہوں گی۔پاکستان کی خواتین ٹیم اپنی مہم کا آغاز 12 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کرے گی۔ میگا ایونٹ میں 10 خواتین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔
آسٹریلوی ویمن ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشش کرے گی۔ پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کے مابین میچ کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا۔ ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2023کا فائنل میچ 26 فروری کو شیڈول ہے جبکہ 27 فروری فائنل کا ریزرو ڈے ہوگا۔ میگا ایونٹ میں شامل10ٹیموں میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ،نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقا، سری لنکا ، بنگلہ دیش ،پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ شامل ہیں۔
دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقا، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ہمراہ گروپ ون میں شامل ہوگی جبکہ پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ گروپ ٹو میں شامل ہیں۔ ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے ساتھ ایک ایک میچ کھیلے گی جبکہ دونوں گروپ کی پہلی2 ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ تمام ناک آئوٹ مقابلے سیمی فائنلز اور فائنل کیپ ٹائون میں کھیلے جائیں گے۔