آڈیولیک نےعمران خان کی سازش کابیانیہ’ساراڈرامہ اورجھوٹ بےنقاب کردیا،پنجاب میں مرکز کی طرزپرآئینی طورپرسیاسی تبدیلی آتی ہےتوکسی کوکوئی اعتراض نہیں ہو گا،وزیراعظم شہبازشریف

132
آڈیو لیک نے عمران خان کی سازش کا بیانیہ'ساراڈرامہ اورجھوٹ بے نقاب کردیا،پنجاب میں مرکز کی طرز پر آئینی طور پر سیاسی تبدیلی آتی ہے تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہو گا،وزیر اعظم شہباز شریف

لاہور۔8اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آڈیو لیک نے عمران خان کی سازش کا بیانیہ’ساراڈرامہ اورجھوٹ بے نقاب کردیا، اگر پنجاب میں مرکز کی طرز پر آئینی طور پرکوئی سیاسی تبدیلی آتی ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہو گا۔

وہ ہفتہ کے روز لاہور میں سپیشل سینٹرل عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر کسی کو قانون کا احترام کرنا چاہیے،آج بھی قانون کااحترام کرتے ہوئے عدالت کےسامنے پیش ہوا ہوں نیب عدالت نےنوازشریف کومتعددبارطلب کیا،نوازشریف عدالت پیش ہوتے تھے،کبھی این آر او نہیں مانگا،ہمارے خاندان نے کئی بار انتقامی کارروائیوں کاسامناکیانیب کے عقوبت خانوں میں ہم نے ظلم برداشت کیا۔

ایک سوال میں وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح قومی اسمبلی میں آئینی طور پر تبدیلی آئی تھی ‘پنجاب میں بھی اگر آئینی طور پر صوبائی حکومت کی تبدیلی ہوتی ہے تو اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے عمران خان جیسا جھوٹا، فراڈیا اور دھوکے باز شخص پوری زندگی میں نہیں دیکھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آڈیو لیک میں عمران خان اعتراف کر رہا ہے کہ میں نے پانچ بندے خریدے، عمران نیازی وزیر اعظم ہاوس میں بولی لگا تارہا ہے اور ووٹ کی خریدوفروخت کر رہا تھا انہوں نے کہا کہ عمران خان نےجو5ووٹ خریدے ان کیلئے پیسہ کہاں سے آیا، محمدشہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کا سارا ڈرامہ بے نقاب ہوچکا، آڈیو میں انہوں نے خود پانچ بندے خریدنے کا اعتراف کیا، سازش کا جھوٹا بیانیہ گھڑا گیا۔

عمران خان خود کہتے تھے جو ضمیر فروشی کرے اس کے بچوں سے کوئی شادی نہیں کرے گا،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے امریکا سمیت دوست ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات متاثر ہوئے۔عمران خان کی سوچ نے دنیا میں پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچایا۔انہوں نےکہا کہ عمران نیازی کے ایسے رویے نے پاکستان کو برباد کیا، معاشی نقصان پہنچایا۔ہمیں پاکستان کو بچانا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان الزام لگاتے رہے ہیں کہ مریم نواز اور نوازشریف نے این آر او لیا، مریم نواز کو تو عدالت نے میرٹ پر بری کیا۔عمران خان کی جانب سے مریم نواز پر این آر او لینے کاالزام قابل مذمت ہے،مریم نواز میرٹ پر بری ہوئی ہیں ۔شہباز شریف نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی،سعد رفیق،احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ نے جرات سے جیلیں کاٹیں اور دیگر رہنمائوں نے بھی ہر ظلم برداشت کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پارٹی قیادت کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا جبکہ علیمہ خان کو این آر او میں نے تو نہیں دلوایا عمران خان کی حکومت میں کلین چٹ دی گئی جبکہ فرح خان کو بھی این آر او میں نے نہیں دلوایا’ فرح گوگی کو کچھ عرصہ پہلے پنجاب حکومت نے کلین چٹ دی ۔چیئرمین پی ٹی آئی کو قوم کو جواب دینا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان بتائیں علیمہ خان کو دبئی اور امریکا میں اثاثے چھپانے پر این آر او کس نے دیا،عمران نیازی اپنے دور میں دیئے گئے این آر اوز کا حساب دیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بی آر ٹی جس میں کئی سو ارب روپے کا گھپلا ہوا،تحقیقات ہوتی رہیں۔

بی آر ٹی پشاور میں ثابت ہوچکا کہ اربوں کی کرپشن ہوئی۔حقائق سے ثابت کر چکا ہوں کہ عمران خان غلط بیانی سے کام لیتے ہیں،جب بھی آرڈر دیا جاتا عمران خان مختلف عدالتوں سے سٹے لیتے رہے۔عمران خان الزام لگاتے رہے کہ موجودہ حکومت بیرونی ساز باز سے آئی، اب حقائق عوام کے سامنے آچکے ہیں کہ یہ سب عمران نیازی کا جھوٹ اور ڈرامہ تھا۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں پاکستان کے امریکا سے تعلقات خراب کئے گئے، دن رات جھوٹ بولا گیا، آڈیو لیک میں کہا گیا میر جعفر اور میر صادق کا پروپیگنڈا کرو۔انہوں نے پاکستان کو دنیا میں رسوا کردیا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں یہ سوال کرتا ہوں کہ 56 کمپنیوں اور کرپشن کی باتیں کہاں گئیں؟ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا اورلوڈشیڈنگ ختم ہوئی ۔نواز شریف کے دور میں پاکستان نے ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معیشت کو تباہ کیا جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت ملک کی معیشت ہچکولے کھا رہی تھی لیکن اللہ تعالی کے فضل سے پی ڈی ایم کی حکومت نے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور درست سمت میں گامزن کیا ۔انہوں نےکہا کہ ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نےدن رات جھوٹ بولا۔ انہوں نے کہا کہ کہاں ریاست مدینہ کہاں ہم خطا کار،ہم ریاست مدینہ کی ہلکی سی جھلک بھی لے آئے تو ملک بہتر ہوجائے گا۔قوم کی ایک ایک پائی عوام کی بھلائی کیلئے خرچ ہوگی ۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی اپنے دور میں دیئے گئے این آ ر اوز کا حساب دیں،نواز شریف عدالت میں پیش ہوتے تھے لیکن انہوں نے کبھی این آ ر اوز نہیں مانگا، عمران نیازی تم لیک آڈیو میں خود اس بات کا اعتراف کر رہے ہو کہ تم نے جو پانچ ووٹ خریدے ہیں اس میں تم نے ضمیر فروشی کی ہے،عمران خان نے جو 5 ووٹ خریدے اس کیلئے اس کے پاس پیسے کہاں سے آ ئے،علیمہ خان کو د بئی اور امریکہ میں اثاثے چھپا نے پر کس نے این آ ر او دیا، عمران خان کا سارا ڈرامہ اور جھوٹ بے نقاب ہو چکا ہے، عمران خان کو ہمارے خلاف پانامہ پراپیگنڈے کا حساب دینا ہوگا،بی آ ر ٹی پشاور منصوبے میں کئی قسم کی بے ضابطگیاں کی گئیں، نیب کے عقوبت خانوں میں ہمارے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کے سینئر رہنمائوں نے بہت ظلم برداشت کیا، ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نے دن رات جھوٹ بولا ،ملک میں ہر کسی کو قانون کا احترام کرنا چاہئے،میں آج بھی قانون کا احترام کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہوا ہوں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا عزم پاکستان کو دنیا کی عظیم طاقت بنانا ہے، نوازشریف کے دور میں ملک ترقی کر رہاتھا اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا ہو رہی تھیں،نیب نے محمد نواز شریف کو سو دن روزانہ کی بنیاد پر طلب کیا، مریم نواز کے ہمراہ محمد نواز شریف ہر روز نیب میں پیش ہوتے تھے۔ انہوں نے عدالت سے کبھی بھی این آر او نہیں مانگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرے قائد نے سپریم کورٹ کو خط لکھا کہ عمران خان کے پانامہ کے پراپیگنڈا کی تحقیقات کی جائے ، محمد نواز شریف ، مریم نواز، حمزہ شہباز اور میں نے خود کئی کئی سال نیب کے عقوبت خانوں میں ظلم برداشت کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے پارٹی کے سینئر رہنمائوں جن میں مریم نواز ، مفتاح اسماعیل، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، سلمان رفیق، رانا ثناء اللہ اور اتحادی پارٹیوں کے لوگوں نے بڑی جرات کے ساتھ جیلیں کاٹیں اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز کو این آر او اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملا ہے،مریم نواز نے اپنا مقدمہ میرٹ پر لڑا،نیب کے قوانین میں جو ترامیم ہوئی ہیں اس کے تحت مریم نواز کو بریت نہیں ملی بلکہ کیس کے میرٹ اور نیب کا جو اصل قانون تھا اس کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کو بریت دی ۔ انہوںنے کہا کہ خوف آتا ہے جب کوئی ریاست مدینہ کے حوالے سے جھوٹ بولتا ہے، اگر ہم ریاست مدینہ کے حوالے سے ایک ہلکی سی جھلک بھی معاشرے میں لے آئیں تو اللہ تعالی ہمار ے تمام اجتماعی گناہوں کو معاف کر دے۔

وزیراعظم نے عمران نیازی سے مخاطب ہو کر کہا کہ عمران نیازی ریاست مدینہ کا تصور تو یہ ہے کہ حضرت عمرفاروق کے دور میں آپ نے اپنے بیٹے کو چالیس درہم زائد منافع لینے پر رقم بیت المال میں جمع کرانے کا حکم دیا، ”کوئلے کی دلالی میں منہ کالا” اور بات ریاست مدینہ کی کرتے ہو ۔ انہوں نے کہا کہ خوف آتا ہے اور جسم کانپ جاتا ہے جب تم ریاست مدینہ کی بات کرتے ہوئے جھوٹ بولتے ہو،اللہ کرے وہ دن آئے کہ جب ہم ملک میں نظام مصطفی نافذ کریں، عمران نیازی دن رات جھوٹ بولتے اور پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف رہتے ہیں، اس نے اپنے دور میں پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات برباد کئے جبکہ ہم تنکا تنکا جوڑ کر امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ میں نے عمران نیازی کی پاکستان کے ساتھ اس سے بڑی خیانت اور سازش کی مثال پہلے کبھی نہیں دیکھی،ہمیں ہوش اور حوصلے کے ساتھ یہ کوشش کرنی ہے کہ ہم نے پاکستان کو دنیا کی عظیم طاقت بنانا ہے لیکن جھوٹ اور سازشوں سے نہیں ، ضمیر فروشی اور اداروں کیخلاف زبان درازی سے نہیں ،لغو بیانی اور دروغ گوئی سے نہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ایک ایک پائی قوم کے دکھ کو مٹانے کیلئے استعمال کرنی ہے، عمران نیازی آ پ نے جو پانچ ووٹ خرید ے ہیں جن کا آ پ خود آ ڈیو میں اعتراف کر رہے ہیں اس پر کتنے کروڑوں اربوں روپے خرچ ہوئے ، عمران نیازی قوم کو بتائیں کہ یہ پیسے کہاں سے لئے ،قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ کہاں سے آپ نے ڈاکہ مارا۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی تم کہتے ہو کہ میں نے کے پی کے میں اتنے ہسپتال بنائے، اتنی یونیورسٹیاں بنائیں جو سب جھوٹ پر مبنی ہے،میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ عمران نیازی سے بڑا جھوٹا، فراڈیہ اور دھوکے باز میں نہیں دیکھا۔ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اگر آئینی اور قانونی طریقے سے حکومت تبدیل ہوتی ہے تو اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم ہائوس میں باہر سے کوئی لیڈرا آتا ہے تو سو بار سوچے گا کہ یہاں کوئی بات کروں تو وہ لیک نہ ہو جائے، میں بائیس کروڑعوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ سوچیں غور کریں، میں نے گورننس میں اپنا خون پسینہ دیا ہے ، محمدنواز شریف نے پاکستان کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں ،ان کے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا، بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم ہوئی، میٹرو اور پبلک ٹرانسپورٹ بنی، کسانوں کو آدھی قیمت پر کھاد دی گئی، کسانوں کے ٹیوب ویلز کو سستی بجلی دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان ترقی کی بلندیوں تک پہنچا،جب عمران نیازی سے حکومت لی تو ملکی معیشت کی کشتی ہچکولے کھا رہی تھی،ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا،ہم نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ میرا اور میرے قائد کا سیاسی کیپیٹل ایک مرتبہ نہیں بلکہ کروڑوں مرتبہ ملک پر قربان ہے ،اگر پاکستان خوشحال ہو جاتا ہے اور پاکستانی عوام بیماری اور غربت سے نکل آتے ہیں تو اس سے بڑی قربانی اور کوئی نہیں ہو سکتی۔