اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):گزشتہ مالی سال میں اٹک پٹرولیم لمیٹڈ (اٹک) کی بعد از ٹیکس آمدن 388 فیصد بڑھ گئی۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق 30 جون 2021 کو ختم ہونے والے گزشتہ مالی سال کے لئے اٹک پٹرولیم لمیٹڈ کی خالص آمدنی 4.92 ارب روپے تک بڑھ گئی جبکہ مالی سال 2020 کے لئے کمپنی کابعد از ٹیکس منافع ایک ارب روپے رہا تھا۔
اس طرح مالی سال 2020 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2021 کے دوران اٹک پٹرولیم لمیٹڈ کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 3.92 ارب روپے یعنی 388 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اٹک پٹرولیم کے حکام نے گزشتہ مالی سال کے لئے اپنے حصہ داروں کو 24.50 روپے فی حصص حتمی کیش ڈیوڈنڈ کی ادائیگی کا اعلان کیا ہے جو قبل ازیں ادا کردہ 2.5 روپے فی حصص وسط مدتی کیش ڈیوڈنڈ کے علاوہ ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020 کے لئے اٹک پٹرولیم کو 10.13 روپے فی حصص آمدن ہوئی تھی تاہم 30 جون 2021 کو ختم ہونے والے مالی سال کے لئے کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی 49.43 روپے تک بڑھ گئی۔