اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت جون میں50 ہزارسے زائد گھروں کا ٹارگٹ پورا کیا گیا،ترجمان وزیر اعلی ہائوس لاہور

23

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ تیزی سے کامیابی کی طرف گامزن ہے اور ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ترجمان وزیر اعلی ہائوس کے مطابق وزیراعلی مریم نواز کے اعلان کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت جون میں50 ہزارسے زائد گھروں کا ٹارگٹ پورا کیا گیا۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چند ماہ میں 50 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کا قومی ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

جون 2025 تک اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت مکان بنانے کیلئے 51911 سے زائد قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت مختصر مدت میں57 ارب 90 کروڑروپے کے آسان قرضے دیئے جا چکے ہیں۔اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت 5293 مکانوں کی تعمیر مکمل ہوچکی اوراب یہ گھر مکینوں سے آباد ہیں جبکہ 41324 گھروں کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے۔مکینوں نے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کو نعمت کے مترادف قرار دیا ہے۔سائلین کواپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت پہلی مرتبہ گھر بیٹھے قرضوں کے لئے آن لائن اپلائی کرنے کی منفرد سہولت دی گئی ہے اور اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے لئے دفاتر کے چکر لگائے بغیر قرضوں کا اجرا کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلی مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کسی بھی سفارش کے بغیر گھر بنانے کیلئے قرضوں کا اجرا پنجاب بلکہ پاکستان کی تاریخ میں قابل تقلید مثال ہے۔اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کا مقصد عوام کے لئے آسانی اور سہولت پیدا کرنا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت اپلائی کرنے والے ہر فرد کو سیاسی وابستگی سے بالا تر قرضے مل رہے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں عوام کے گھر بنانے کا ریکارڈ قائم کیا،اپنے ریکارڈ خود ہی توڑیں گے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف کا عوامی خدمت کا ویژن اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ میں عملی صورت اختیار کر چکا ہے۔