سیالکوٹ۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی و اصلاحات چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپنے خوابوں کو عملی جامہ جس طرح سیالکوٹ کے لوگ پہناتے ہیں اور کوئی نہیں کر سکتا اور یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں سیالکوٹ کا ایک نام اور پہچان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پریگمیا)میں مقامی برآمد کنندگان و درآمد کنندگان سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے جس طرح فٹبال سلائی کر کے پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے بالکل اسی طرح وزیراعظم کے اڑان پاکستان منصوبے کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے اور اسے کامیاب بنانا ہے تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دوسرے ممالک سے پیچھے رہ جانے کی اہم وجہ ملک میں سیاسی عدم استحکام اورپالیسیوں کے تسلسل کا نہ ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی، چین اور جاپان ایسے ممالک ہیں جہاں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی وجہ سے ملک آگے بڑھے، ہر کامیاب ملک اور قوم کے لیے پالیسیوں کا تسلسل ، وقت اور جدت انتہائی ضروری ہے اس کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو روکا نا جاتا اور انہیں 10 سال مل جاتے تو آج پاکستان ملایشیا سے آگے ہوتا کیونکہ ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا جا رہا تھا اور ملک ترقی کر رہا تھا، اسی طرح 2018 میں اسی اڑان کو پھر سے ختم کر دیا گیا اور وہی ملک جہاں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا تھااور ملک ترقی کرتا ہوا خوشحالی کی منازل طے کر رہا تھا کہ اچانک ایک ایسے اناڑی کو حکومت دے دی گئی جس نے کبھی ایک یونین کونسل کو بھی نہیں چلایا تھا اور پھر اس کے چار سالہ دور حکومت میں ملک کا جو برا حال ہوا اس کا خمیازہ آج تک ہم سب بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنی گاڑی کسی اناڑی ڈرائیور کو نہیں دیتے تو پھر ایک ایٹمی ملک کو کسی اناڑی کے حوالے کر دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اب پھر سے اڑان بھرنے لگا ہے اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اڑان پاکستان منصوبہ ملکی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہو گا لہٰذا اس منصوبے کی کامیابی ناگزیر ہے جس کے لیے ہم سب کو ملکر پوری دلجمعی کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ایکسپورٹ کو نیشنل ایمرجنسی بنا کر ملکی تعمیر و ترقی کے لیے آگے بڑھنا ہو گا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ایکسپورٹ کی طرف لانا ہو گا تاکہ ملکی معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو اور ملک آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایکسپورٹ لیڈ گروتھ کے ذریعے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ نئی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے لیے ٹاسک فورسز کا قیام عمل میں لائیں کیونکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی)بہت ضروری ہو چکا ہے۔
انہوں نے پانی کے ایک ایک قطرے کی حفاظت کو بھی لازم قرار دیتے ہوئے اس کے لیے پالیسیز بنانے کی ہدایت کی اور خبردار کیا کہ اگر ہم نے پانی کی حفاظت کو یقینی نہ بنایا تو آنے والے سالوں میں ہمارے ساتھ وہ ہو گا جس کا ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں۔ چوہدری احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملکی تعمیر و ترقی کے لیے شرح خواندگی میں اضافہ بھی ناگزیر ہے، ہماری شرح خواندگی جو کہ 60 فیصد کے لگ بھگ ہے جبکہ کسی بھی ملک کی کامیابی کے لیے اس کی شرح خواندگی کا 90 فیصد ہونا ناگزیر ہے جس کے لیے ہمیں ہنگامی بنیادوں پر اہم و ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے جس کے لیے حکومت کوشاں بھی ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ ہمیں اپنی ایکسپورٹ کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے جس کے لیے ہمیں جدت کو اپناتے ہوئے ایک ہدف مقرر کرنا ہو گا اور پھر اس کے لیے بھرپور محنت بھی کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی یونیورسٹیوں کے ساتھ ملکر بہتر سے بہتر کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی تب ہی ہم اپنے کاروبار کو آگے لے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قالین اور ٹینس ریکٹس کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں، اگر ہم اپنی مصنوعات میں جدت نہیں لائیں گے تو پھر یہی حال ہو گا جو آج قالین اور ٹینس ریکٹس کا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر جگہ اور ہر حال میں کاروباری برادری کا تحفظ کریں گے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی پوری پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کے تعاون سے پاکستان کی ایکسپورٹ کو بڑھاتے چلے جائیں گے اوراس ضمن میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس وزیراعظم کے اڑان پاکستان پروگرام کا کو پارٹنر ہو گا۔چیئرمین پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پریگمیا)اعجاز احمدکھوکھر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی و اصلاحات چوہدری احسن اقبال کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر حکومت ہمارے مسائل کو حل کرے تو ہم اپنی ایکسپورٹ کو مزید بڑھا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ہمارے یہاں بیٹھنے کا مقصد اپنے مسائل سے متعلق آپ کو آگاہ کرنا ہے
اور ہمیں قوی امید ہے کہ ماضی کی طرح ہمارے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، سلطان ٹیپو، سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد رفیق مغل سمیت چیئرمین پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پریگمیا)اعجاز احمدکھوکھر،چیئرمین سرجیکل ایسوسی ایشن ذیشان طارق،ڈائریکٹر ائیر سیال حافظ جنید،سابق صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ماجد بھٹہ، سابق نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس خواجہ عابد سمیت بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر یہاں موجود تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584465