اپوزیشن جماعتیں ایک جیسی کرپشن اور منی لانڈرنگ میں اکٹھی ہیں، سینیٹر فیصل جاوید

75

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ایک جیسی کرپشن اور منی لانڈرنگ میں اکٹھی ہیں، ان کے اکٹھے ہونے پر پی ٹی آئی کو فائدہ ہوتا ہے، انہوں نے تو ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنا تھا، ان کو گمراہ کرنے پر قوم جان چکی ہے، ملکی امور پر ہم سب کا موقف یکساں ہونا چاہئے۔

پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر مشتاق احمد کی افغانستان میں تیزی سے پیدا ہونے والی انسانی بحران اور افغانستان میں مذکورہ انسانی بحران کو روکنے کے لئے علاقائی امن و سلامتی کے ضمن میں پاکستان کے کردار کو زیر بحث لانے کی تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان ملک و قوم کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، قومی سلامتی پالیسی پر قائمہ کمیٹی برائے دفاع میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب اکٹھے ہیں، یہ ایک جیسی کرپشن اور منی لانڈرنگ میں اکٹھے ہیں، ان کے اکٹھے ہونے پر پی ٹی آئی کو فائدہ ہوتا ہے، انہوں نے تو ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنا تھا، ان کو گمراہ کرنے پر قوم جان چکی ہے، ملکی امور پر ہم سب کا موقف یکساں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم ان کو این آر او دیدیں تو ان کا پورا ٹبر واپس آ جائے گا، یہ پہلے بھی دو بار این آر او لے چکے ہیں، اب ان کو صرف اسی صورت میں این آر او ملے گا جب یہ بیرون ملک لوٹی ہوئی دولت اور املاک بیچ کر رقم واپس ملک میں لائیں گے۔