اپوزیشن جگہ جگہ خوار ہو رہی ہے،چور ٹولہ کرپشن بچانے کیلئے ایک جگہ اکٹھے ہو گئے ہیں، پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ دراصل سیروتفریح کامارچ ہے،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

58
اپوزیشن جگہ جگہ خوار ہو رہی ہے،چور ٹولہ کرپشن بچانے کیلئے ایک جگہ اکٹھے ہو گئے ہیں، پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ دراصل سیروتفریح کامارچ ہے،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

لاہور۔5مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن جگہ جگہ خوار ہو رہی ہے،چور ٹولہ کرپشن بچانے کیلئے ایک جگہ اکٹھے ہو گئے ہیں، عدم اعتماد کا ڈرامہ رچاکرحکومت گرانے کی ناکام کوشش کرنے والے پھر رسوا ہوں گے ،پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ دراصل سیروتفریح کامارچ ہے،سندھ سے شروع ہونے والا لانگ مارچ ساہیوال پہنچ کر شارٹ مارچ بن چکا ،عدم اعتماد

سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ،اپوزیشن کے بہت سے ممبران حکومت سے رابطے میں ہیں، اتحادیوں سے مضبوط تعلقات ہیں،آصف علی زرداری اور شہباز شریف کیلئے ہتھکڑیاں تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو نیشنل پریس ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ورکشاپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر مملکت نے کہاکہ اپوزیشن جگہ جگہ خوار ہو رہی ہے،چور ٹولہ کرپشن بچانے کیلئے ایک جگہ اکٹھے ہو گئے ہیں،جنہوں نے حکومت کوا ڑھائی سال پہلے فارغ کرنا تھا و ہ اب عدم اعتماد کا ڈرامہ رچاکرحکومت گرانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،

پیپلز پارٹی نے پہلے نواز شریف کی واپسی کی شرط رکھ کر مریم نواز کے ساتھ ہاتھ کیا اب شہباز شریف کے ساتھ بھی ہاتھ ہوجانا ہے،پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ دراصل سیروتفریح کامارچ ہے،سندھ سے شروع ہونے والا لانگ مارچ ساہیوال پہنچ کر شارٹ مارچ بن چکا ہے کیونکہ اس مارچ میں صرف سندھ کے سرکاری ملازمین شامل تھے ۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مینار پاکستان کی گرائونڈ پیپلز پارٹی کے جلسہ کیلئے حاضر ہے ،حکومت ان کو تمام سہولیات فراہم کریگی تاہم پیپلزپارٹی کی طرف سے درخواست کی جارہی ہے کہ ہمیں ناصر باغ میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے،ہم نے ان سے کہاکہ آپ اتنی بڑی پارٹی ہیں اور بلاول زرداری کی سربراہی میں آپ اتنا بڑا لانگ مارچ کر رہے ہیں،آپ مینار پاکستان کی گرائونڈ میں جلسہ کریں کیونکہ ناصر باغ کی گرائونڈ تو پی ٹی آئی شمالی لاہور کی 5 یونین کونسلز کے لوگوں سے بھر جاتی ہے،

دوسرا ناصر باغ میں تو درخت لگائے جا چکے ہیں پی پی پی ان درختوں کو برباد نہ کرے۔انہوں نے کہاکہ 1989میں جب محترمہ بینظیر بھٹو شہید لاہور آئیں اور انہوں نے مینار پاکستان کی گرائونڈ میں جلسہ کیا تو اس وقت دنیانے دیکھا کہ کس طرح لوگوں نے ان کا استقبال کیا اورمینار پاکستان کی گرائونڈ کھچا کھچ بھر گئی،بلاول زرداری بھی اسی گرائونڈ میں جلسہ کر کے دکھا ئیں تاکہ پتا چل سکے کہ وہ آصف زرداری کے ایجنڈا کو آگے بڑھارہے ہیں یاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایجنڈاکوآگے بڑھا رہے ہیں،

حکومت گرانے کے لیے آر یا پار والے اس گرائونڈ میں آ کر خوار ہوئے تھے اب پی پی بھی اپنی کوشش کر لے۔وزیر مملکت نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے اس طرح کے سارے ہتھکنڈے دراصل کرپشن سے توجہ ہٹانے کیلئے ہیں،

اصل جنگ پاپڑ والے ، فالودہ والے کو بچانے کے لیے اورمقصود چپڑاسی مسرور انورکو بچانے کیلئے ہے کیونکہ پاپڑ والے اور فالودہ والے میں جان ہے آصف علی زرداری کی کرپشن کی اور مقصود چپڑاسی اور مسرور انور میں شہباز شریف کی جان ہے،لندن کے معروف اخبار نے بھی شریف خاندان کو باقاعدہ ثبوتوں کے ساتھ چور قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف خاندان نے جب1985 میں سیاست شروع کی ان کے پاس اتنے اثاثے نہیں تھے جتنے اب ہیں،انہوں نے سیاست کو کاروبار بنایا،اقتدار میں آ کر ملک کو لوٹا اور کرپشن سے دولت کماکرباہرکے بینکوں میں منتقل کی،لوٹ مار اور کرپشن کرنا جن کا منشورہو وہ ملک وقوم کی خدمت کیا کریں گے، لانگ مارچ کا ڈرامہ صرف کرپشن کا پیسہ بچانے کے لیے بلیک میل کرنے کا ایک ایجنڈا ہے، لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لیے احتساب کے خوف سے کل کے سیاسی حریف اب دوست بن چکے ہیں،مسلم لیگ(ن) جن کا نعرہ تھ’’زرداری سب سے بڑی کرپشن کی بیماری‘‘اب وہ ان جھولی میں بیٹھ گئے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے حکومت سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی ہی تقریرمیں کہا تھا کہ کرپشن کرنے والوں کو معاف نہیں کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے جب میں ان چوروں پرہاتھ ڈالوں گا تو یہ سب ایک جگہ اکٹھے ہو جائیں گے اوراین آر او کے لیے حکومت کو دباو میں لانے کی ناکام کوشش کریں گے،

آج وزیر اعظم عمران خان کی وہ باتیں سچ ثابت ہو رہی ہیں ،تمام چورایک جگہ اکٹھے ہو گئے ہیں جنہوں نے کرپشن نہیں کی ہوتی وہ کہتے ہیں کہ ہمارا کیس روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے جبکہ شہباز شریف وکیلوں اور تاریخوں کے پیچھے چھپ رہے ہیں،آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے لیے ہتھکڑیاں تیار ہیں،بہت جلدپاپڑ والا’ فالودہ والا’مقصود چپڑاسی مسرور انوران کو جیل لے کر جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ ہمارے اپنے اتحادیوں سے مضبوط تعلقات ہیں جبکہ ا پوزیشن کی آپس میں 2 دن کی دوستی اور4دن کی لڑائی ہوتی ہے،پی ٹی آئی نے کبھی بھی پیپلزپارٹی،نواز لیگ اور مولانا فضل الرحمن سے ہاتھ نہیں ملایا ہم اپنے موقف پر قائم ہیں اور احتساب کا عمل جاری رہے گا۔وزیر مملکت نے کہا کہ عدم اعتمادسے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ،اپوزیشن کے بہت سے ممبران بھی حکومت سے رابطے ہیں۔

ایک او رسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ علی زیدی اور شاہ محمود قریشی سندھ میں کامیاب جلسے کر رہے ہیں،سندھ کے لوگ پیپلزپارٹی کی مسلسل 14سالہ حکومت سے عاجز آچکے ہیں،اب وہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان بھی عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں جلسے کرنے جارہے ہیں۔