اپوزیشن والے جتنی چاہیں شیروانیاں سلوا لیں ان کی آخری منزل اڈیالہ جیل ہے، وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی پریس کانفرنس

85
قبل ازوقت الیکشن کا مطالبہ کرنے والی اپوزیشن اب فوری عام انتخابات سے کیوں بھاگ رہی ہے،فرخ حبیب

لاہور۔12مارچ (اے پی پی):وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے جتنی چاہیں واسکٹیں اور شیروانیاں سلوا لیں ان کی آخری منزل اڈیالہ جیل ہے ، وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد اپوزیشن والے ایک دوسرے کے خلاف عدم اعتماد کر دیں گے،اتحادی ہمارے لاڈلے ہیں اور انہیں ہمیشہ سینے سے لگا کر رکھا ۔وہ وزیراعظم کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روزحافظ آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد اپوزیشن کے افراد ایک دوسرے کے خلاف عدم اعتماد کر دیں گے، اتحادی ہمارے لاڈلے ہیں اور انہیں ہمیشہ سینے سے لگا کر رکھا وہ وزیراعظم کے ساتھ تھے ، ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے قبل اسلام آباد ڈی چوک میں بڑے عوامی اجتماع سے اپوزیشن کی آنکھیں کھل جائیں گی، نوازشریف اورآصف علی زرداری کے دور میں 400 ڈرون حملے ہوئے لیکن وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ نہ وہ کسی کے آگے جھکیں گے اور نہ قوم کا سر جھکنے دیں گے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ناموس رسالت اور اسلامو فوبیا کا مقدمہ جس طرح لڑا پوری دنیا اس کی معترف ہے اور وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی قوتوں کو ایبسولیوٹلی ناٹ کہہ کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آزاد و خودمختار خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت عمران خان جیسی دلیر قیادت اور لیڈر کی ضرورت ہے، عوام پرچی والے وزیراعظم کو کسی صورت پسند نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے جتنی چاہیں واسکٹیں اور شیروانیاں سلوا لیں لیکن ان کی آخری منزل اڈیالہ جیل ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی صورت میں ملک میں انارکی کے خدشے کا بیان ملکی حالات کو خراب کرنے کا اشارہ ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے افراد اور ان کے ننھے منے بچے صرف اپنی کرپشن کی رقم کو بچانے کیلئے سرگرم ہیں، ان کا کوئی قومی ایجنڈا نہیں صرف ذاتی ایجنڈا ہے