اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور منتخب حکومت کے خلاف عوام کی حمایت حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی، عوام اپوزیشن کے طرز سیاست سے بخوبی واقف ہیں اور وہ اپوزیشن جماعتوں سے بری طرح تنگ آ چکے ہیں۔
پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سڑکوں پر جلسے جلوس اور احتجاج کرنے کے بجائے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ٹھوس تجاویز دیں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔
شبلی فراز نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس مہلک وبا کا سامنا کر رہی ہے اور پاکستان بھی اس بحران سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے اور اس کے رہنما اپنے قائد کی کرپشن کا تحفظ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سابق وزیراعظم نواز شریف کو اگر حقیقی معنوں میں عوام سے ہمدردی ہے تو انہیں چاہیے کہ ملک میں واپس آ کر عدالتوں میں اپنے خلاف دائر مقدمات کا سامنا کریں۔