اپوزیشن کرپشن کو تحفظ دینے اور این آر او کے حصول کےلئے متحد ہوئی ہے، عمر سرفراز چیمہ

77

اسلام آباد ۔ 02 نومبر (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کرپشن کو تحفظ دینے اور این آر او کے حصول کےلئے متحد ہوئی ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی مبینہ بدعنوانی اور کرپشن کو تحفظ دینے کےلئے ایک چھت تلے جمع ہوئی ہے اور وہ مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کی مدد سے این آراو حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کےلئے جدوجہد کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم نے سیاسی بدلے لینے کی کبھی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے اپنی حکومت قائم کرنے کی خواہش رکھنے والے تمام سیاسی عناصر کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات کا انتظار کریں۔ جے یو آئی(ف) کے آزادی مارچ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا کا احتجاج پرامن ہونا چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ہر ایک کا حق ہے لیکن اگر کسی نے تشدد کی راہ اختیار کی تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو سیاست میں تشدد سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمن نے اپنی سابقہ غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ ریاست کے اداروں کے خلاف گفتگوسے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات عوام کو بتانا انتہائی ضروری ہے کہ ملک کو اس نوبت پرکس نے پہنچایا ہے ، زرداری اور نواز شریف ملک کو ترقی یافتہ ریاست بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ(ن) نے احتساب سے بچنے کےلئے مولانا کے مارچ میں شمولیت اختیارکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اسلام کو بطور ڈھال استعمال کررہے ہیں جبکہ دیگر بدعنوان سیاسی جماعتیں وزیراعظم عمران کی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے احتساب کے عمل سے بچنے کےلئے ان کے پیچھے چھپ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ عوام نے وزیراعظم عمران خان کی پارٹی کی جانب سے ان کے دھرنے کی بھرپورحمایت کی تھی اور عوام عمران خان کے مستقبل کے اہداف میں کامیابی کے خواہشمند تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنوں میں عوام کی کثیر تعداد شامل ہوتی تھی جبکہ مولانا کا حکومت مخالف مارچ بری طرح ناکام ہوا ہے اور وہ اپنی توقعات کے مطابق لوگوں کو اکٹھا نہیں کرسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کامیابی سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگرکیا ہے جو گذشتہ پانچ دہائیوں سے پس پشت ڈال دیا گیا تھا لیکن اب مولانا فضل الرحمن اپنے ذاتی مقاصد کے حصول کےلئے بلیک میلنگ کے ذریعہ عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کے ایجنڈے پرکام کررہے ہیں۔