اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ، تحریک عدم اعتماد میں اسے منہ کی کھانا پڑے گی، عمران خان مزید مضبوط ہو کر اس صورتحال سے نکلیں گے، اپوزیشن کا اقدام سیاسی ہی نہیں بلکہ ملکی معیشت پر بھی حملہ ہے،عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی ہیں ،عالمی معاشی بحران اور کورونا کے باوجود ملک ساڑھے پانچ فیصد کی شرح سے ترقی کر رہا ہے، آج دنیا پاکستان کو ماڈل کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حماد اظہر نے کہا کہ اس وقت دنیا میں سیاسی اور معاشی بحران ہے، تیل کی قیمتیں 130 ڈالر فی بیرل تک چلی گئی ہیں، روس اور یوکرین کے تنازعے کے باعث امریکہ نے اپنی کمپنیوں کو روس کے ساتھ معاملات بند کرنے کو کہہ دیا ہے، روس نے بھی اپنی تجارت محدود کر دی ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملکی معیشت کو دیوالیہ کر کے گئی تھی ہم نے ملک کو مشکل صورتحال سے نکالا،کورونا سے جو صورتحال پیدا ہوئی اس سے بھی ہم نے جس طریقے سے نمٹا ہے اس کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے ، حماد اظہر نے کہا کہ عالمی معاشی بحران اور کورونا کے باوجود اب ملک ساڑھے پانچ فیصد کی شرح سے ترقی کر رہا ہے اور دیگر ممالک کی نسبت بہتر طریقے سے صورت حال سے نکل رہے ہیں لیکن اپوزیشن کو یہ ہضم نہیں ہو رہا ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتی انقلاب آرہا ہے ہماری برآمدات تیس ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، بجلی کی قیمت میں پانچ روپے فی یونٹ اور ڈیزل اور پٹرول کی قیمت میں دس دس روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اس کے لیے سخت فیصلے بھی کرنا پڑے ہیں ، اس طوفان سے کشتی اور معیشت کو مضبوطی سے لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ اپوزیشن کا اقدام سیاسی ہی نہیں بلکہ ملکی معیشت پر بھی حملہ ہے اور سرمایہ کاروں کو اس نے ایک پیغام دیا ہے اور غیر یقینی کی کیفیت پیدا کرنے کی سازش کی ہے لیکن ہم سرمایہ کاروں، تاجروں اور مزدوروں سے کہہ رہے ہیں کہ دو ہفتے سے بھی کم عرصے میں وزیراعظم عمران خان مزید مضبوط ہوکر اس صورتحال سے نکل آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوامی لوگ ہیں، پاکستان کے عوام وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہیں، بڑے عشروں بعد پاکستان کا مقام مضبوط خارجہ پالیسی اور معاشی طور پر مستحکم ملک کے طور پر پہچانا جا رہا ہے اور ہمارے لیڈر عمران خان کی بات پوری دنیا میں سنی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب سٹرٹیجک خارجہ پالیسی ،آزادانہ خارجہ پالیسی اور غیر جانبداری کی بات ہو رہی ہے جس سے قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مثبت تشخص کو موجودہ عالمی حالات میں منفی طریقے سے زائل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے لیکن اپوزیشن کو منہ کی کھانا پڑے گی ، ہم مزید مضبوط ہو کر اس صورتحال سے نکل آئیں گے اور آئندہ مدت بھی اکثریت کے ساتھ پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کورونا کی صورتحال سے بطریق احسن نمٹنے میں کامیاب رہا ہے اور دنیا پاکستان کو ایک ماڈل کے طور پر دیکھ رہی ہے،
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اربوں ڈالر کے قرضے لیے اور زرمبادلہ کے ذخائر سابق دور میں انتہائی کم تھے ،سٹیٹ بینک سے بھی اربوں روپے لیے جارہے تھے لیکن اب موجودہ حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کی وجہ سے معاشی ترقی کی رفتار ، زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر ہیں،کورونا سے نمٹنے کی حکمت عملی کو دنیا سراہ رہی ہے ہماری برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا عمل بھی اسی طرح کامیابی سے جاری رہے گا۔