اپوزیشن کے استعفے دینے سے حکومت نہیں گرے گی،اگر اپوزیشن نے استعفے دیئے تو ضمنی انتخابات کرائیں گے،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

66
زرداری ٹولے کا مشن کرپشن اور لوٹ مار ہے ،پیپلزپارٹی کا نام نہاد لانگ مارچ شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا،عوام ظالم لٹیروں سے سندھ کی پسماندگی کا حساب لیں گے،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت 1 کروڑ 70 لاکھ ووٹ لیکر جمہوری طریقے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے، یہ عجیب منطق ہے کہ اپوزیشن استعفے دے اور حکومت گر جائے، حکومت کیوں گرے؟ جب اپوزیشن رہنما استعفے دیں گے تو حکومت ضمنی انتخابات کرائے گی، اپوزیشن قائدین کو اقتدار کی اتنی حرص ہے کہ یہ جان بوجھ کر عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں، حکومت کو ان کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے حکومت سے ریلیف لینے کیلئے تمام حربے ناکام ہو گئے اسلئے مایوسی اور بوکھلاہٹ ان کے چہروں پر نظر آ رہی ہے، اپوزیشن بند گلی میں آ چکی ہے، حکومت کو ان کے جلسوں اور لانگ مارچ سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ شفقت محمود نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت ہے وہ کیوں مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کیلئے اس کی قربانی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2013ءانتخابات کے حوالے سے ساری جماعتوں نے کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے، اس وقت 133 پیٹیشنز داخل ہوئی تھیں، تحریک انصاف نے اس وقت صرف چار حلقے کھلوانے کا مطالبہ کیا تھا، جب حلقے کھلے تھے تو چاروں میں دھاندلی ثابت ہوئی تھی، 2018ءانتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے مل کر 24 پیٹیشنز دائر کیں جبکہ تحریک انصاف کی 23 پیٹیشنز تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے جان بوجھ کر معیشت تباہ کی کیونکہ یہ لوگ جانتے تھے کہ یہ دوبارہ اقتدار میں نہیں آئیں گے، وزیراعظم عمران خان کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، برآمدات بڑھ رہی ہیں اور صنعتیں فروغ پا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مارچ میں سینیٹ کے انتخابات ہیں، اپوزیشن جانتی ہے کہ تحریک انصاف سینیٹ میں اکثریت لینے میں کامیاب ہو جائے گی اور حکومت مزید مضبوط ہو جائے گی، یہ بات ان کو ہضم نہیں ہو رہی اسلئے یہ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی پہلی لہر کا جس طرح سے مقابلہ کیا پوری دنیا اس کی مثال دے رہی ہے، دوسری لہر کے دوران اپوزیشن ذاتی مفادات کو تحفظ دینے اور مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے، ان کو عوام کی جانوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات میں ترامیم کیلئے اپوزیشن کو دعوت دی ہے، حکومت کرپشن کے علاوہ ہر قسم کے ایشو پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے لیکن احتساب کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو لاہور جلسہ کرنے سے نہیں روکے گی لیکن ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔