اچھی یادوں کے ساتھ واپس جائیں گے، پاکستان سے ملنے والی سپورٹ پر شکر گزار ہیں، انگلش کوچ

134

کراچی۔20دسمبر (اے پی پی):انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم نے ہر وینیو پر علیحدہ سٹائل کی وکٹ ملنے پر پاکستان کے گرائونڈز مین کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھی سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلی، تینوں میچز میں ایسے لمحات آئے جب دونوں ٹیمیں جیت کے قریب تھیں، اچھی یادوں کے ساتھ واپس جائیں گے۔

پاکستان سے ملنے والی سپورٹ پر شکر گزار ہیں۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں تیسرے ٹیسٹ میچ اور سیریز میں وائٹ واش کے موقع پر منگل کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا پلہ سیریز میں بھاری تھا تو پاکستان کو بھی جیت کے مواقع ملے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ بہت اچھی سیریز رہی جس سے شائقین کرکٹ لطف اندوز ہوئے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ سے ہی اس انداز میں کھیلی جاتی رہی ہے۔

میکولم نے کہا کہ پاکستان نے سیریز میں جو کردار ادا کیا وہ بھی قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ وکٹس کی وجہ سے سیریز خراب ہوئی، ٹیسٹ کرکٹ میں آپ کو ہر جگہ مختلف وکٹ ملتی ہیں۔ راولپنڈی کی وکٹ فلیٹ تھی جس پر ہمیں زیادہ محنت کرنا پڑی، فلیٹ وکٹ پر تیز کھیلے تاکہ ہمیں حریف کو آئوٹ کرنے کا وقت مل سکے،کراچی کی وکٹ برصغیر کی روایتی وکٹ تھی۔انگلش کوچ نے کہا کہ میرا خیال ہے کبھی کبھار حکمت عملی چیلنج ہونا اچھی بات ہے، اگر کھلاڑیوں کو پریشر سے آزاد کریں تو ان کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔